سمت بھارگو
راجوری//راجوری ضلع کے تھنہ منڈی سب ڈویژن ہیڈکوارٹرز میں ایک عوامی اجلاس منعقد کیا گیا، جس کی صدارت ارکان اسمبلی مظفر اقبال خان اور اکرم چوہدری نے کی۔اجلاس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور اس کا مرکزی موضوع جموں و کشمیر کے عوام کو درپیش مسائل تھا، جس میں ریاستی حیثیت کی فوری بحالی کا متفقہ مطالبہ کیا گیا۔شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ ریاستی حیثیت کی بحالی علاقے کے منفرد چیلنجز کو حل کرنے اور جمو ں و کشمیر میں جموکری حکمرانی کے قیام کے لئے ایک اہم قدم ہوگی۔ ایم ایل اے تھنہ منڈی مظفر اقبال خان نے کہاکہ ’یہ مطالبہ نیا نہیں ہے، کیونکہ 2019 میں آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد جمو ں و کشمیر کو دو یونین ٹریٹریز: جموں و کشمیر اور لداخ میں تقسیم کیا گیا، اور جمو ں و کشمیر کے ہر فرد کا مطالبہ ہے کہ ریاستی حیثیت بحال کی جائے‘‘۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ جمو ں و کشمیر کے عوام مختلف مسائل کا سامنا کر رہے ہیں، جنہیں صرف ریاستی حیثیت کی بحالی کے بعد ہی حل کیا جا سکتا ہے۔ایم ایل اے تھنہ منڈی مظفر اقبال خان اور ایم ایل اے سرنکوٹ اکرم چوہدری نے مشترکہ طور پر بے روزگاری، بڑھتی مہنگائی جیسے مسائل پر روشنی ڈالی۔ریاستی حیثیت کی بحالی کے لئے تحریک یکم جنوری کو ایم ایل اے تھنہ منڈی اور ایم ایل اے سرنکوٹ نے شروع کی تھی، دونوں آزاد ارکان اسمبلی ریاستی حیثیت کی بحالی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔