سمت بھارگوس
راجوری// جمعہ کو ہندوستانی اور پاکستانی فوج کے عہدیداروں کے درمیان فلیگ میٹنگ کے بعد لائن آف کنٹرول(ایل او سی)کے ساتھ ایک غیرمعمولی سکوت ہے۔پونچھ ضلع کے چکن دا باغ میں راہ میلان کراس ایل او سی پوائنٹ پر ہونے والی اس میٹنگ کا مقصد سرحد پار جھڑپوں کے سلسلے کے بعد کشیدگی کو کم کرنا تھا۔پونچھ، راجوری اور جموں اضلاع میں ایل او سی پر سرحد پار سے فائرنگ، اسنائپنگ، اور آئی ای ڈی دھماکوں کے9 سے10 واقعات کے بعد یہ یقین دہانی ایک راحت کے طور پر سامنے آئی ہے، جس سے تنا ئوکا ماحول پیدا ہوا۔فلیگ میٹنگ کشیدگی میں کمی کی جانب ایک اہم واقعہ تھا، کیونکہ دونوں ممالک نے موجودہ جنگ بندی کا احترام کرنے اور غیر متوقع حالات کو حل کرنے کے لیے قائم کردہ میکانزم کو بروئے کار لانے پر اتفاق کیا۔اس اہم میٹنگ کے بعد حکام نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر امن کی صورتحال واپس آگئی ہے۔ اور گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران سرحدی جھڑپوں کا کوئی تازہ واقعہ نہ ہونے کے ساتھ ملاقات کا مثبت اثر دیکھا گیا ہے۔” ۔ادھرسیکورٹی فورسز نے سنیچر کو جموں خطہ کے 7 اضلاع میں تین درجن سے زیادہ مقامات پر بڑے پیمانے پر انسدادملی ٹینسی آپریشن شروع کیا اور ملی ٹینٹوں کے ٹھکانوں کا پتہ لگانے اوراوور گرانڈ ورکرز سمیت ان کے ساتھیوں کا سراغ لگانے کی کارروائی کی۔سیکورٹی حکام کا کہنا ہے کہ ڈوڈہ، کشتواڑ، ادھم پور، کٹھوعہ، راجوری، پونچھ اور ریاسی کے بالائی علاقوں میںملی ٹینٹوںکی موجودگی کی اطلاعات ہیں۔گزشتہ چند دنوں کے دوران، لائن آف کنٹرول پر ہندوستان اور پاک فوج کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں، ان اطلاعات کے درمیان کہ پاکستانی فوج ملی ٹینٹوں کو ہندوستان کی طرف دھکیلنے کی کوشش کر رہی ہے۔یہ دوسری بار ہے جب جموں پولیس نے فوج اور نیم فوجی دستوں کے ساتھ مل کر جموں خطہ میں اتنے بڑے پیمانے پر تلاشی مہم شروع کی ہے۔سیکورٹی اہلکاروں نے جن اضلاع میں تلاشی مہم چلائی ان میں جموں، راجوری، پونچھ، ادھم پور، کٹھوعہ، ڈوڈہ اور کشتواڑ شامل ہیں۔یہ کارروائیاں کچھ حصوں میں مشتبہ نقل و حرکت پر اور دیگر جگہوں پر علاقے پر تسلط کی مشق کے ایک حصے کے طور پر شروع کی گئیں۔حکام نے بتایا کہ تین درجن سے زائد مقامات پر تلاشی لی جا رہی ہے۔سیکورٹی فورسز نے منڈی کے محلہ قصبہ، آلاپیر اور جالیان اور پونچھ میں منکوٹ اور ڈیرہ کی گلی اور ملحقہ علاقوں کے علاوہ قریبی راجوری ضلع کے سندر بنی اور نوشہرہ سیکٹر کے کچھ حصوں میں بھی محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کی۔پونچھ-راجوری میں 13 مقامات پر اور اودھم پور، کٹھوعہ، کشتواڑ اور ڈوڈہ اضلاع کے اونچے علاقوں میں 18 مقامات پر جنگلات پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے تلاشی جاری ہے۔جموں ضلع کے اکھنور سیکٹر میں کیری، بھٹل اور ملحقہ علاقوں میں بھی تلاشی مہم جاری ہے۔