یو این آئی
نئی دہلی//وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ گزشتہ ماہ ملک نے انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو)کے 100ویں راکٹ لانچ کا مشاہدہ کیا جو صرف ایک نمبر نہیں ہے بلکہ خلائی سائنس کے میدان میں نئی بلندیوں کو چھونے کے ہمارے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ اپنے ماہانہ پروگرام ’من کی بات‘ میں مودی نے کہا کہ گزشتہ ماہ ملک نے اسرو کے 100ویں راکٹ لانچ کا مشاہدہ کیا، جو صرف ایک نمبر نہیں ہے بلکہ خلائی سائنس کے میدان میں نئی بلندیوں کو چھونے کے ہمارے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ ہمارا خلائی سفر بالکل نارمل طریقے سے شروع ہوا۔ اس میں ہر قدم پر چیلنجز تھے لیکن ہمارے سائنسدان فتح حاصل کرتے ہوئے آگے بڑھتے ہی گئے۔ وقت کے ساتھ، خلا کی اس پرواز میں ہماری کامیابیوں کی فہرست طویل ہوتی گئی۔انہوں نے کہا کہ چاہے وہ لانچ وہیکل کی تیاری ہو، چندریان کی کامیابی ہو، منگل یان ہو، آدتیہ ایل-1 یا پھر ایک ہی راکٹ سے ایک ہی وقت میں 104 سیٹلائٹس کو خلا میں بھیجنے کا بے مثال مشن ہو۔ اسرو کی کامیابی کا دائرہ کافی وسیع رہاہے۔ گزشتہ دس برسوں میں ہی تقریبا 460 کے قریب سیٹلائٹس لانچ کیے گئے ہیں اور اس میں دیگر ممالک کے بھی کئی سیٹلائٹس شامل ہیں۔