سمت بھارگو
ریاسی//جموں و کشمیر کی پولیس نے ریاسی ضلع کے سب ڈویژن مہور کے جملسان علاقے کے جنگلات سے اسلحہ اور گولہ بارود کا ایک بڑا ذخیرہ برآمد کیا ہے۔پولیس حکام نے بتایا کہ ریاسی پولیس اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی 126ویں بٹالین کی مشترکہ ٹیم کو مخصوص اطلاع ملنے کے بعد جملسان کے جنگلات میں سرچ اور کارڈن آپریشن شروع کیا۔آپریشن کے دوران، حکام کے مطابق، ٹیموں نے سیمبلی جملسان کے جنگلات میں ایک درخت کے نیچے کمبل سے ڈھکا ہوا اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا۔برآمد شدہ اسلحہ اور گولہ بارود میں چار اے کے-47 میگزینز، 268 اے کے-47 کے گولے، چار یو بی جی ایل دستی بم اور چار آئی ای ڈی بیٹریاں شامل ہیں۔پولیس نے اس سلسلے میں مقدمہ درج کر لیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔ حکام نے اس کامیاب آپریشن کو سیکورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور علاقے میں دہشت گردی کی سرگرمیوں کی روک تھام کے لئے اہم قدم قرار دیا ہے۔