جموں //جموں وکشمیر کے سرمائی دارلخلافہ جموں کے مانڈا علاقے میں یاترا گاڑی کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں 17 یاتری زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ معلوم ہوا ہے کہ زخمیوں میں سے کئی ایک کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق جموں کے مانڈا علاقے میں ہفتے کی شام یاترا گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر کھائی میں جاگری ، حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ اور پولیس ٹیمیں جائے موقع پر پہنچے اور ریسکیو آپریشن شروع کیا جس دوران 17زخمیوں کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ گاڑی میں ویشنو دیوی یاتری سوار تھے اور مندر میں حاضری دینے کے بعد وہ واپس گھر کی طرف جارہے تھے کہ اسی اثنا میں مانڈا کے نزدیک گاڑی کو حادثہ پیش آیا۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اترا کھنڈ نمبر پلیٹ کی گاڑی کو حادثہ پیش آنے کے نتیجے میں 17یاتری زخمی ہوئے ہیں۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ زخمیوں میں سے کئی ایک کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔ اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔