عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور ڈائریکٹر جنرل پولیس سے اپیل کی کہ وہ جموں میں شناخت شدہ مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کریں۔
انہوں نے کہا کہ جموں ضلع میں کچھ عرصے سے گینگ وارز اور دیگر مجرمانہ سرگرمیوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، اور پولیس کو چاہیے کہ وہ معاشرے میں اپنا اعتماد بحال کرے اور جرائم پر قابو پانے میں اپنا کردار ادا کرے۔
انھوں نے کہا یہ افسوسناک ہے کہ جموں ضلع میں گینگ وارز، قتل اور دیگر مجرمانہ سرگرمیاں بڑھ گئی ہیں۔ میں لیفٹیننٹ گورنر اور ڈی جی پی جموں و کشمیر پولیس سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کریں اور عوامی نظم و نسق کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کریں ـ
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اور مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر ایک پُرامن خطہ ہے، لیکن جاری گینگ وارز، قتل اور نوجوانوں میں منشیات کے پھیلاؤ کی بڑھتی ہوئی وارداتیں تشویشناک ہیں۔ پولیس کو اس لعنت کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
نائب وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ جموں شہر میں جرائم کی شرح ایک نئی سطح پر پہنچ چکی ہے، جو کہ انتہائی افسوسناک ہے۔ مجھے امید ہے کہ لیفٹنٹ گورنر اور ڈی جی پی جموں و کشمیر پولیس فوری طور پر مداخلت کریں گے اور مجرموں کے خلاف کارروائی کریں گے۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ پولیس شناخت شدہ مجرموں کے خلاف کارروائی کرنے میں کیوں ناکام رہی ہے، تو انھوں نے کہا کہ چند نااہل افسران کی وجہ سے انصاف کی بروقت فراہمی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔
”شناخت شدہ مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کریں“ : نائب وزیراعلیٰ کی لفٹنٹ گورنر، ڈی جی پی جموں و کشمیر سے اپیل
