عظمیٰ نیوز سروس
ریاسی // گورنمنٹ ڈگری کالج ریاسی نے مادری زبانوں کا عالمی دن بڑے جوش و خروش کے ساتھ منایا۔ شعبہ اردو، ہندی اور ڈوگری نے کالج کے این سی سی اور این ایس ایس یونٹس کے ساتھ مل کر لسانی تنوع اور کثیر للسانی کو فروغ دینے کے لئے ایک متحرک ثقافتی پروگرام کا انعقاد کیا۔ تقریب کا آغاز روایتی چراغاں کی تقریب سے ہوا، جس کے بعد ثقافتی پروگرام ہوا۔ بعد اذاں کالج کے 25 طلباء نے ڈوگری، ہندی، گوجری، اردو اور پنجابی سمیت مختلف زبانوں میں نظمیں، تقاریر اور رقص پیش کیا۔ اس پروگرام میں خطے کے امیر لسانی ورثے کی نمائش کی گئی اور طلباء کے درمیان ثقافتی تبادلے کو فروغ دیا۔اس موقع پر پروفیسر روی کانت شرما ( صدر شعبہ فزکس)، پروفیسر کیول کرشن (صدر شعبہ ریاضی)، پروفیسر ظہیر عباس (صدر شعبہ اکنامکس)، سوریتا شرما (صدر شعبہ ڈوگری)، اور پروفیسر پوجا دھیمان نے تقاریر اور شاعری پیش کی۔ جبکہ نظامت کے فرائض صدر شعبہ اردو عرفان عارف نے انجام دئیے ۔ مادری زبانوں کا عالمی دن ہر سال 21 فروری کوللسانی اور ثقافتی تنوع کو فروغ دینے کے لئے منایا جاتا ہے۔ یہ دن ثقافتی ورثے کے تحفظ اور کثیر لسانی کو فروغ دینے میں مادری زبانوں کی اہمیت کو تسلیم کرتا ہے۔ آخر میں کالج کے پرنسپل رومیش کمار اتری نے ہماری شناخت اور ثقافت کی تشکیل میں مادری زبانوں کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے طلباء کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اپنے لسانی ورثے پر فخر کریں اور کثیر لسانی کو فروغ دیں۔ جی ڈی سی ریاسی میں مادری زبانوں کے عالمی دن کی تقریب شاندار کامیابی سے ہمکنار ہوئی۔ اس تقریب نے طلباء میں لسانی تنوع، ثقافتی تبادلے اور کثیر لسانی کو فروغ دیا۔ اظہارِ تشکر پیش کرتے ہوئے عرفان عارف نے کہا کہ کالج اس طرح کی تقریبات کے ذریعے لسانی اور ثقافتی ورثے کو فروغ دیتا رہے گا۔