عظمیٰ نیوز سروس
جموں//ہندوستان اور پاکستان نے جمعہ کو جموں و کشمیر کے پونچھ ضلع میں لائن آف کنٹرول کے ساتھ سرحد پار سے فائرنگ اور آئی ای ڈی حملے کے کئی حالیہ واقعات کے بعد کشیدگی کو کم کرنے کی کوشش میں ایک فلیگ میٹنگ کی۔ بریگیڈ کمانڈر سطح کی فلیگ میٹنگ چکن دا باغ کراسنگ پوائنٹ کے علاقے میں ہوئی جس میں دونوں اطراف نے سرحدوں پر امن برقرار رکھنے کی ضرورت کو اجاگر کیا۔انہوں نے بتایا کہ 75 منٹ طویل میٹنگ صبح 11 بجے کے قریب شروع ہوئی۔ذرائع نے بتایا کہ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی اور دونوں فریقوں نے سرحدوں پر امن کے وسیع تر مفاد میں جنگ بندی معاہدے کا احترام کرنے پر اتفاق کیا۔25 فروری 2021 کو دونوں ممالک نے ایک معاہدے کی تجدید کے بعد سے جموں و کشمیر کی سرحدوں پر جنگ بندی کی خلاف ورزیاں شاذ و نادر ہی ہوئی ہیں۔11 فروری کو جموں خطے کے اکھنور سیکٹر میں مشتبہ ملی ٹینٹوں کی طرف سے کئے گئے دیسی ساختہ بم حملے میں ایک کیپٹن سمیت دو ہندوستانی فوج کے اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہوا۔10 اور 14 فروری کو راجوری اور پونچھ اضلاع میں چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کے الگ الگ واقعات میں دو فوجی اہلکار بھی زخمی ہوئے تھے، جبکہ پونچھ میں گزشتہ ہفتے کے دوران الگ الگ بارودی سرنگ کے دھماکوں میں دو اور فوجی اہلکار زخمی ہوئے تھے۔بھارت نے پونچھ میں پاکستان کے ساتھ فلیگ میٹنگ میں بلا اشتعال فائرنگ، دہشت گردی کی سرگرمیوں کے مسائل اٹھائے ۔ذرائع نے بتایا کہ ہندوستانی فوجی وفد نے سرحد پار سے حالیہ بلااشتعال فائرنگ کے واقعات،ملی ٹینٹوں کی جانب سے دراندازی کی کوششوں اور منشیات اور ہتھیاروں کی اسمگلنگ پر شدید احتجاج کیا۔دریں اثنا، ذرائع نے بتایا کہ پونچھ میں دیگوار سیکٹر کے نکرکوٹ علاقے میں صفر لائن پر صبح 9:20 بجے ایک دھماکہ ہوا لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔انہوں نے مزید کہا کہ دھماکے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی۔