جموں//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے سول سیکرٹریٹ جموں میں جموں ڈویژن کے کشتواڑ اور ڈوڈہ اضلاع کے منتخب نمائندوں کے ساتھ الگ الگ میٹنگ کرتے ہوئے عوامی نمائندوں کے ساتھ پری بجٹ مشاورت کا اختتام کیا۔ضلع کشتواڑ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے، وزیر اعلیٰ عوامی نمائندوں کے ساتھ قائد حزب اختلاف سنیل شرما، جو جموں و کشمیر اسمبلی میں پاڈر ناگسینی کی نمائندگی کرتے ہیں کے علاوہ ضلع ترقیاتی کونسل کشتواڑ کی چیئرپرسن اور ضلع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی کیساتھ مشاورت کی۔نمائندوں نے اپنے مطالبات اور مسائل پیش کیے۔ وزیر اعلیٰ نے انہیں یقین دلایا کہ بجٹ کی تشکیل میں ان کی تجاویز اور ان پٹس پر غور کیا جائے گا۔وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا کہ جموں و کشمیر کے تمام 20اضلاع کے عوامی نمائندوں کے ساتھ مشاورت کا سلسلہ اختتام پذیر ہوا، جس سے لوگوں کو درپیش زمینی سطح کے مسائل کے بارے میں قابل قدر بصیرت ملی۔وزیر اعلیٰ نے منتخب نمائندوں سے کہا’’یہ بات چیت لوگوں کی ترجیحات کو سمجھنے میں ہماری مدد کرتی ہے۔ چونکہ آپ عوام سے براہ راست جڑے ہوئے ہیں، اس لیے آپ کی رائے اور تجاویز پالیسی سازی کے لیے اہم ہیں‘‘ ۔ اسی طرح ڈوڈہ ضلع کے نمائندوں نے بھی چیف منسٹر سے اپنی ترقیاتی ترجیحات اور خدشات پر تبادلہ خیال کیا۔جڑواں اضلاع کے بارے میں اٹھائے گئے اہم مسائل میں تعلیمی اداروں اور صحت کی دیکھ بھال کے مراکز میں عملے کی کمی، پینے کے پانی کی فراہمی، سڑکوں کے رابطے اور چوڑائی، سرنگوں کی تعمیر اور دور دراز علاقوں میں موبائل کنیکٹیویٹی کو بہتر بنانا شامل ہیں۔کشتواڑ اور ڈوڈہ کے ڈپٹی کمشنروں نے اپنی پریزنٹیشن میں ایم ایل ایز کی طرف سے ترجیحی مطالبات کا حلقہ وار بریک ڈاؤن فراہم کیا۔ڈی ڈی سی کے چیئرپرسنز اور ایم ایل ایز نے بجٹ کی تشکیل کے عمل میں انہیں شامل کرنے کے لیے وزیر اعلیٰ سے اظہار تشکر کیا، یہ نوٹ کرتے ہوئے کہ یہ پہلا موقع ہے جب اس طرح کی مشاورت ہوئی ہے۔انہوں نے زور دیا کہ یہ شراکتی نقطہ نظر ایک باقاعدہ خصوصیت کے طور پر جاری رہنا چاہیے۔