عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/وزیر اعلیٰ عمر عبد اللہ نے کہا کہ جموں و کشمیر میں سیکورٹی فورسز پر ملی ٹینٹ حملوں کی لہر کے درمیان پاکستان سے کشمیرمسئلے پر بات چیت کا کوئی امکان نہیں ہےکیونکہ گزشتہ کچھ سالوں میں سیکیورٹی فورسز اور تعمیراتی کیمپوں پر جو حملے ہوئے ہیں ان کے بعد بات چیت کا کوئی راستہ نہیں ہے۔
وزیر اعلیٰ عمر عبد اللہ نے بی بی سی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہاکہ پاکستان نے کبھی بھی جموں و کشمیر کے معاملات میں مداخلت کرنا بند نہیں کیا۔ یہ کہنا بیوقوفی ہوگی کہ جو کچھ جموں و کشمیر میں ہوا ہے اس میں باہر سے مدد نہیں آئی،جو حملے ہوئے ہیں ان کے بعد بات چیت کا کوئی امکان نہیں ہے۔
حکام کے مطابق، 2024 میں 60 ملی ٹینٹ حملوں کے دوران 122 ہلاکتیں ہوئیں، جن میں 32 شہری اور 26 سیکورٹی فورسز کے اہلکار شامل ہیں۔نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبد اللہ نے کہا کہ پاکستان کو بھارتی حکومت کی کچھ تشویشات کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے تاکہ ایک دوستانہ تعلقات قائم کیے جا سکیں۔
وزیر اعلیٰ نے اس بات کا بھی انکار کیا کہ 2019 میں منسوخ کی جانے والی آرٹیکل 370 کی بحالی کا کوئی امکان ہے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ 2024 کے لوک سبھا انتخابات سے پہلے، عمر عبد اللہ اور ان کے والد ڈاکٹر فاروق عبد اللہ نے پاکستان کے ساتھ بات چیت کے دوبارہ آغاز کی حمایت کی تھی۔ علاقائی انتخابات کی مہم کے دوران وزیر اعلیٰ نے پاکستان کے ساتھ بات چیت کی حمایت کی اور بی جے پی کی قیادت والی حکومت سے اپیل کی کہ وہ سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کے اصولوں پر توجہ دے۔
پاکستان کے ساتھ بات چیت کا کوئی امکان نہیں: وزیر اعلیٰ عمر عبد اللہ
