عظمیٰ ویب ڈیسک
اننت ناگ/وزیر صحت و طبی تعلیم سکینہ ایتو نے گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ میں کیتھ لیب کا افتتاح کیا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے تشخیصی اور مین کیجولٹی بلاک کا بھی افتتاح کیا، جسے سترہ سال قبل 2007 میں منظور کیا گیا تھاـ
جی ایم سی اننت ناگ میں کیتھ لیب کا قیام کئی قیمتی جانیں بچانے میں مددگار ثابت ہوگا، کیونکہ اب اننت ناگ، کولگام، پلوامہ اور شوپیاں کے مریضوں کو سری نگر جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی، جس سے قیمتی وقت ضائع ہوتا تھا۔ اس سہولت سے سری نگر کے اسپتالوں پر بھی بوجھ کم ہوگا۔
جی ایم سی اننت ناگ، جموں و کشمیر کے آٹھ نئے میڈیکل کالجوں میں پہلا ادارہ بن گیا ہے جس نے کیتھ لیب سروس متعارف کرائی ہے۔
آج افتتاح کیے گئے تشخیصی اور کیجولٹی بلاک سے بھی جی ایم سی اننت ناگ پر دباؤ کم ہونے کی توقع ہے، جہاں پہلے ہی دو اہم بلاکس، اے اور سی، کے علاوہ پرانی عمارت کام کر رہی ہے۔
2007 میں، مرزا افضل بیگ میموریل اسپتال (ایم اے بی ایم) کے لیے تین نئے بلاکس کی تعمیر کا منصوبہ منظور ہوا تھا، اور جے کے پی سی سی (جموں و کشمیر پروجیکٹس کنسٹرکشن کارپوریشن) نے تین سال میں اسے مکمل کرنے کا ہدف رکھا تھا۔
تاہم، فنڈز کی کمی اور سست رفتاری کے باعث یہ منصوبہ تاخیر کا شکار رہا، حالانکہ 2019 میں اس اسپتال کو میڈیکل کالج کا درجہ دے دیا گیا تھا۔
یہ عمارت دراصل گراؤنڈ فلور سمیت چار منزلوں پر مشتمل ہونی تھی، لیکن اب اسے دو منزلوں تک محدود کر دیا گیا ہے۔ گراؤنڈ اور پہلی منزل مکمل ہو چکی ہے، جبکہ تیسری منزل اور چھت پر کام جاری ہے۔