عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر راجوری کی ایک ٹیم نے راجوری-پونچھ نیشنل ہائی وے اور ملحقہ راستوں پر ایک بھرپور انفورسمنٹ مہم کا آغاز کیا۔اس مہم کے دوران ٹیم نے تجارتی اور غیر تجارتی گاڑیوں کی جانچ کی اور مختلف موٹر وہیکلز ایکٹ کی خلاف ورزیوں پر 46 گاڑیوں کو چالان کیا۔ ان خلاف ورزیوں میں ہیلمٹ کے بغیر سواری کرنا، سیٹ بیلٹ کے بغیر گاڑی چلانا، مال بردار اور مسافر گاڑیوں میں اضافی سامان کا لوڈ کرنا، رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کے بغیر ڈرائیونگ، انشورنس کی عدم موجودگی، ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کا استعمال، پولوشن انڈر کنٹرول سرٹیفکیٹ کی خلاف ورزی اور ڈرائیونگ لائسنس کے بغیر گاڑی چلانا شامل ہیں۔ٹیم نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں پر 1,09,700روپے کا جرمانہ عائد کیا۔ اس کے علاوہ، سنگین خلاف ورزیوں پر دو ڈرائیونگ لائسنس معطل کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر نے کہا کہ ایسی انفورسمنٹ مہمات کا سلسلہ جاری رہے گا تاکہ سڑکوں پر حفاظت اور ٹریفک قوانین کی سختی سے پابندی کو یقینی بنایا جا سکے۔ گاڑی مالکان اور ڈرائیوروں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پیروی کریں تاکہ جرمانے سے بچا جا سکے اور تمام افراد کے لئے سڑکوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔