حسین محتشم
پونچھ//ایم ایل اے پونچھ اعجاز احمد جان نے بدھ کے روز پونچھ میں باغ ڈیوڈی تا عید گاہ چوک اور عید گاہ چوک تا پوسٹ افس پونچھ فٹ پاتھ کی تعمیرات کے کام کا افتتاح کیا۔واضح رہے کہ سڑکوں کے دونوں طرف بنائے گئے پیدل چلنے کے راستے کی عرصہ دراز سے خستہ حالت تھی جس کی وجہ سے وہاں سے گزرنے والے لوگوں کو کئی طرح کے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔اس حوالے سے کئی بار مقامی شہریوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کر کے بھی مرمتی کا مطالبہ کیا گیا۔لوگوں کے پرزور مطالبے کے بعد آخر کار فٹ پاتھ کی مرمتی کا کام شروع کیا گیا ہے اس دوران ایم ایل اے اعجاز جان نے باضابطہ سنگ بنیاد رکھا اور اس کام کی تعمیرات کا افتتاح کیا۔ اس دوران بات کرتے ہوئے اعجاز احمد جان نے بتایا کہ یہ تعمیراتی کام 66 لاکھ روپے کا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس طرح کے مزید تعمیراتی کام شہر پونچھ میں خصوصی طور پر انجام دئیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ وہ شہر پونچھ کو ایک خوبصورت شہر بنانے کے لئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ شہر پونچھ ایک تاریخی شہر ہے یہ پہلے سے ہی بہت خوبصورت ہے لیکن ہم اس میں جدید ترقیاتی منصوبے لے کر چلیں گے تاکہ اسے مزید خوبصورت بنایا جا سکے۔ ادھر پہنچ کے شہریوں نے اعجاز جان کے اقدامات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ پونچھ میں مزید تعمیراتی کام ہوں گے۔