عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگرْ/منشیات کے خلاف وسیع پیمانے پر جنگ کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران اننت ناگ اور کپوارہ اضلاع میں 4 منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ پولیس اسٹیشن عشمام کی ایک ٹیم نے براڈ عشمام میں ایک ناک کے دوران دو منشیات فروشوں کو گرفتار کیا۔انہوں نے کہا کہ تلاشی کی دوران ان کے قبضے سے 7.2 کلوگرام بھنگ کا بھوسہ اور 256 گرام بھنگ پاؤڈر جیسا مواد برآمد کیا گیا۔گرفتار شدگان کی شناخت فاروق احمد لون داماد غلام رسول یتو ساکن پیٹھہ نمبل حال یال اور ظفر احمد بٹ ولد محمد افضل بٹ ساکن کھیار کے طور پر کی گئی ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ اسی طرح کی ایک اور کارروائی کے دوران ہندوارہ میں پولیس پوسٹ چوگل کی ایک ٹیم نے ایک سوفٹ ڈیزائر زیر رجسٹریشن نمبرJK09D – 5264 کو روکا جس میں دو افراد سوار تھے۔
انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران ان کی تحویل سے 8.30 گرام ہیرائن جیسا مواد بر آمد کیا گیا جس کے بعد دونوں کی بر سر موقع ہی گرفتاری عمل میں لائی گئی اور اس جرم کے لئے استعمال کی جانی والی گاڑی کو بھی ضبط کیا گیا۔
گرفتار شدگان کی شناخت فیصل احمد ولد عبدالجبار لون ساکن برامری کپوارہ اور طاہر حبیب ولد حبیب اللہ ڈار ساکن جاگر پورہ کپوارہ کے طور پر کی گئی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ پولیس نے اس سلسلے میں متعلقہ پولیس اسٹیشنوں میں مقدمے درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہیں۔
اننت ناگ اور ہندوارہ میں الگ الگ کارروائیوں کے دوران 4 منشیات فروش گرفتار، ممنوعہ مواد بر آمد: پولیس
