محمد تسکین
بانہال // فارسٹ رینج بانہال کا ایک فارسٹ گارڈ بانہال کے چنجلو جنگلات میں آگ بجھانے کے دوران پہاڑی سے پھسل کر گہری کھائی میں گر کر شدید زخمی ہوگیا ۔یہ واقعہ منگل کی شام بانہال کے کمپارٹمنٹ نمبر 47میں پیش آیا اور نوگام بانہال کے زخمی فارسٹ گارڈ فیاض احمد تانترے کو اس واقعہ میں متعدد فریکچر اور زخم آئے ہیں۔ بانہال ہسپتال میں ابتدائی طبیِ امداد کے بعد فیاض احمد کو بہتر علاج کیلئے گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا۔ رینج آفیسر بانہال عبدالرشید نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ یہ واقعہ شام سات بجے کے قریب اس وقت پیش آیا جب فارسٹ گارڈ فیاض احمد تانترے بانہال سے تقریباً 7 کلومیٹر دور چنجلو کے جنگل میں اپنی ٹیم کے ہمراہ جنگل میں لگی آگ کو بجھانے کے دوران پہاڑی سے پھسل کر ایک سو فٹ گہری کھائی میں گر گیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس واقع میں فارسٹ گارڈ فیاض احمد کو شدید چوٹیں آئی ہیں اور اسکےدائیں کندھے میں فریکچر اور سر سمیت جسم کے مختلف حصوں پر چوٹیں آئی ہیں۔ انہوں نے کہا انکے ساتھ ٹیم نے زخمی ساتھی کو نکال کر سب ڈسٹرکٹ ہسپتال بانہال منتقل کیا جہاں سے اسے جی ایم سی اننت ناگ منتقل کیا گیا ۔