عظمیٰ نیوزسروس
ادے پور(راجستھان)//وزیربرائے جل شکتی جاوید احمد رانا نےراجستھان کے اُدے پور میں پانی سے متعلق دوسری آل اِنڈیا سٹیٹ منسٹرس کانفرنس۔ 2025میں شرکت کی۔18سے 19؍فروری تک دو روزہ کانفرنس کا موضوع ’’ واٹر ویژن @ 2047۔ ایک واٹر سیکیور نیشن‘‘ ہے جس کا اہتمام نیشنل واٹر مشن اور وزارتِ جل شکتی کے ذریعے کیا جارہا ہے۔جاویداحمد رانا نے آبی وسائل کے دیرپا اِستعمال کے لئے جموں و کشمیر حکومت کے وسیع نقطہ نظرکے بارے میں نقطہ نظر کا اِشتراک کیا اور پانی کی فراہمی اورسٹوریج مینجمنٹ کے موضوع پر جموں و کشمیر کی آبی پالیسی پر روشنی ڈالی۔اُنہوں نے کہا، ’’ہمیں اَپنے آبی ذرائع کو بڑھانے اور آنے والی نسلوں کے لئے دیرپا آبی وسائل کے اِنتظام کو یقینی بنانے کے لئے توجہ مرکوز کرنا ہوگا۔‘‘وزیر جاوید احمد رانانے کہا کہ گلوبل وارمنگ کی وجہ سے موسمی پیٹرن میں تبدیلی نے ہمارے آبی وسائل پر اضافی دباؤ ڈالا ہے اور آنے والی نسلوں کے لئے ان کی حفاظت کی ضرورت ہے۔اُنہوں نے کہا،’’آبی وسائل کے مؤثر انتظام کے لئے ایک جامع اور شراکتی نقطہ نظر کی ضرورت ہے۔ یہ ہم میں سے ہر ایک کی ذمہ داری ہے کہ ہم پانی کی قدر سے آگاہ ہوںاور اس اہم وسائل کو محفوظ رکھنے کے لئے کام کریں۔‘‘وزیر موصوف نے مزید کہا کہ اس سمت میں سائنسی اَقدامات کرنے کی ضرورت ہے جس میں پانی کے ذرائع کے آس پاس درخت لگانا اور صفائی ستھرائی کو برقرار رکھنا شامل ہے۔اُنہوں نے کہا کہ ایک ترقی یافتہ، پانی سے محفوظ ہندوستان کا وژن زراعت ، صنعت او رگھریلو اِستعمال کو سپورٹ کرنے کے لئے پای کے دیرپا اِنتظام کی اہمیت پر زور دیتا ہے اور آنے والی نسلوں کے لئے ہمارے دریائوں اور ماحولیاتی نظام کو محفوظ رکھتا ہے ۔اُنہوں نے جموں و کشمیر حکومت کی طرف سے پانی کے مربوط اوردیرپا انتظام کے لئے اُٹھائے گئے اَقدامات اور لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی ، زیر زمین پانی کی سطح کو بہتر بنانے اور واٹر وژن 2047۔ کے تحت منصوبوں کے بارے میں بتایا۔جاوید احمد رانا نے کانفرنس کے بارے میں اَپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے کہا کہ اُدے پور میں ہونے والی کانفرنس ہندوستان کے آبی تحفظ کے مستقبل کو تشکیل دینے میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔اُنہوں نے کہا کہ کانفرنس میں آبی ویژن @ 2047کو حقیقت میں بدلنے کے لئے ضروری ٹھوس اقدامات پر توجہ مرکوز کی گئی۔دوسری آل اِنڈیا سٹیٹ واٹر منسٹرس کانفرنس ۔2025ایک تاریخی تقریب ہے جس میں ہندوستان کے آبی تحفظ کے نظریۂ کو شکل دینے کے لئے اعلیٰ پالیسی سازوں اور ماہرین کو اکٹھا کیا گیا ہے۔کانفرنس میں پانی کے انتظام کے اہم پہلوؤں پر بات کی جائے گی جن میں مؤثر گورننس، عبوری تعاون، اِختراعی فائنانسنگ اور کمیونٹی کی شرکت شامل ہیں۔ اس میں تکنیکی حل، پانی کے مؤثر اِستعمال اور مختلف شعبوں میں بہتر ہم آہنگی پر بھی زور دیا جائے گا۔