عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//کشمیر وادی فروٹ گروورز اینڈ ڈیلرز یونین کے چیئرمین بشیر احمد بشیر کی قیادت میں ایک وفد نے وزیر اعلیٰ عمر عبد اللہ سے جموں میں ملاقات کی اور فروٹ گروورز کے مسائل اور ان کے حل کے لیے متعدد اہم مطالبات پیش کیے گئے۔پیش کئے کئے اہم مطالبات میں ہارسٹیکلچر انشورنس اسکیم کا نفاذ،مارکیٹ انٹرونشن اسکیم کا دوبارہ آغاز،علحدہ ہارسٹیکلچر اسٹیٹ کا قیام،کارڈ بورڈ باکسز پر جی ایس ٹی کی معافی،پیسٹیسائیڈز اور فرٹیلائزرز کی قیمتوں میں کمی،پھلوں کے باغات کی تجدید،کیوی، انگور اور انار کے باغات کی ترقی اورآبی وسائل اور آبیاری کے انتظامات سمیت کئی دیگر قابل ذکر ہیں ۔وفد نے حکومت سے درخواست کی کہ ہارٹیکلچر انڈسٹری کے لیے زرعی شعبے کی طرح کرپ انشورنس اسکیم متعارف کرائی جائے تاکہ قدرتی آفات کے دوران فروٹ گروورز کو مالی مدد مل سکے۔نیز سیب کی “گریڈ سی” اور “گیران” فصلوں کے نقصانات کو کم کرنے کیلئے مارکیٹ انٹرونشن اسکیم کے دوبارہ آغاز کا مطالبہ کیا گیا۔ سیب کی نقل و حمل کے لیے کارڈ بورڈ باکسز کی خریداری پر 12 فیصد جی ایس ٹی کے خاتمے کی درخواست کی گئی۔ باغات کی تجدید کے لیے ہائی ڈینسٹی پلانٹس کی فراہمی کے لیے فنڈز مختص کرنے اوران پھلوں کی پیداوار کو فروغ دینے کے لیے حکومت سے فنڈز کی فراہمی کی درخواست کی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت فروٹ گروورز کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام ضروری اقدامات کرے گی۔