یو این آئی
کوئٹہ//بلوچستان کے ضلع ہرنائی کی تحصیل شاہرگ میں کول مائن ایریا میں مزدوروں کی گاڑی کے قریب بم دھماکے نتیجے میں 9 افراد ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے ۔دھماکا تحصیل شاہرگ میں کوئلے کی لیبر گاڑی کے قریب ہوا، دھماکے کے نتیجے میں پک اپ گاڑی میں سوار 9 مزدور جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے ۔ مزدوروں کی گاڑی کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ کوئلے کی کانوں میں کام کرنے کے لیے جارہے تھے ، تاہم مزید تحقیقات جاری ہے ۔ڈپٹی کمشنر ہرنائی حضرت ولی کاکڑ کا کہنا تھا کہ دھماکے میں پک اَپ گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کوئلے کی کانوں میں مزدوری کرتھے تھے ، جبکہ لاشوں اور زخمیوں کو بی ایچ یو شاہرگ منتقل کیا جارہا ہے ۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکا خیز مواد روڈ کنارے نصب تھا، ترجمان صوبائی حکومت نے تحصیل شاہرگ ٹاکری میں دہشت گردی کے واقعے پر اظہار مذمت کی۔