حسین محتشم
پونچھ//ایم ایل اے حویلی پونچھ اعجاز جان نے پونچھ کی صحافتی برادری کو ایک مقامی کیفے میں چائے کی دعوت دی، جہاں پر انہوں نے صحافیوں کی محنت، عزم اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو سراہا۔ اعجاز جان نے اس موقع پر کہا کہ گزشتہ دس سالوں میں ریاست جموں و کشمیر میں پیش آنے والے انتہائی نامساعد حالات کے باوجود، صحافیوں نے اپنے پیشہ ورانہ فرائض کو بخوبی نبھایا اور عوامی مسائل پر آواز اٹھائی۔ انہوں نے صحافیوں کو درپیش مشکلات کا اعتراف کیا اور کہا کہ حالات کے باوجود، صحافیوں نے اپنے عزم کو برقرار رکھتے ہوئے سخت حالات کا مقابلہ کیا۔ایم ایل اے اعجاز جان نے صحافت کے اہم کردار کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کا بنیادی مقصد سچائی کی عکاسی کرنا ہے۔ انہوں نے صحافیوں پر زور دیا کہ وہ ’سنسنی خیزی‘ سے بچتے ہوئے عوام تک درست معلومات پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا عوامی رائے سازی میں ایک طاقتور آلہ ہے اور اسے مختلف فلاحی اسکیموں کے بارے میں عوامی آگاہی پھیلانے میں بھی فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔اعجاز جان نے صحافیوں کو یقین دلایا کہ وہ بہت جلد پونچھ میں پریس کلب کے قیام کے لئے عملی اقدامات کریں گے اور اس منصوبے کی تکمیل کے لئے باقاعدہ منصوبہ بندی کریں گے۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ جرنلسٹ ایسوسی ایشن پونچھ کے صدر رندھیر سنگھ، نائب صدر احتشام حسین اور جنرل سکریٹری نیاز حسین نے ایم ایل اے اعجاز جان کے اس خیر سگالی اقدام کو سراہا اور اس بات کا عہد کیا کہ وہ معاشرتی بہتری کے لئے مل کر کام کریں گے۔