محمد تسکین
بانہال// پیر کی دوپہر سے رام بن بانہال سیکٹر میںابر و آلود کے بیچ بارشوں کی ہلکی پھلکی فوار ہوئی اور پیر پنجال کے پہاڑی سلسلے پر ہلکی ہلکی برفباری بھی ہوئی ہے۔ مجموعی طور پر محکمہ موسمیات کیطرف سے بارشوں اور برفباری کی پیشگوئیاں مسلسل غلط ثابت ہو رہی ہیں اور صوبہ جموں کے وادی چناب کے لوگ مسلسل بارشوں اور برفباری کا انتظار کر رہے ہیں ۔محکمہ موسمیات نے پیر سے ہلکی بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیا تھا اور اسی کی کڑی کے تحت پیر کی صبح سے ہی مطلع ابرآلود رہا اور دوپہر سے موسم نے کروٹ بدل اور میدانی علاقوں میں ہلکی پھلکی بارشیں اور پہاڑوں اور پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری ہوئی ہے تاہم یہ سلسلہ اچھی خاصی بارشوں اور برفباری کی صورت میں تبدیل نہیں ہو سکا۔جواہر ٹنل ٹاپ ، ڈولیگام ، چنجلو اور چملواس نیل کے پہاڑی سلسلے میں ہلکی ہلکی برفباری ہوئی ہے جس کی وجہ سے پچھلے کئی روز سے قدرے گرم موسم سردی میں تبدیل ہوگیا۔ اس دوران جموں سرینگر قومی شاہراہ پر معمول کا دوطرفہ ٹریفک جاری ہے اور پیر کی صبح سے شام چھ بجے تک ہزاروں گاڑیوں نے شاہراہ پر سفر کرکے اپنی منزلوں کی راہ لی ۔