عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے زیر اہتمام تھنہ منڈی منڈل کے صدر دفتر میں ایک شاندار اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں نو منتخب منڈل صدر سید منظر علی شاہ کا پْرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر پارٹی کارکنان نے انہیں گل پوشی کرکے مبارکباد دی، جبکہ تقریب میں سینئر بی جے پی رہنما کرامت ملک سمیت دیگر معزز پارٹی عہدیداران اور کارکنان بھی شریک ہوئے۔ تقریب کے دوران بی جے پی کارکنان نے جوش و خروش کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی سنیئر قیادت کے حق میں نعرے بازی کی ۔اس موقع پر بی جے پی رہنما کرامت ملک، منظر علی شاہ، قاضی قمر، اور مقصود صابری نے پارٹی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ سید منظر علی شاہ اپنی نئی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے نبھاتے ہوئے پارٹی کو مزید مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ پارٹی قیادت کا یہ فیصلہ تھنہ منڈی میں بی جے پی کے استحکام کا باعث بنے گا اور عوامی مسائل کے حل کے لئے جدوجہد مزید تیز ہوگی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید منظر علی شاہ نے بی جے پی کی اعلیٰ قیادت، تحصیل و ضلع کے سینئر رہنماؤں، اور پارٹی کارکنان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ قیادت نے جو اعتماد ان پر کیا ہے، وہ اس پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ عوام کی بے لوث خدمت کو اپنا نصب العین بنائیں گے اور بلا تفریق مذہب و ملت، رنگ و نسل، ہر فرد کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے ہمہ وقت دستیاب رہیں گے۔ یہ تقریب علاقے میں بی جے پی کی مضبوطی اور عوامی مسائل کے حل کے عزم کا واضح ثبوت تھی، جس میں کارکنان اور رہنماؤں نے بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔