عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی//مسلم ایجوکیشنل ٹرسٹ ہائر سیکنڈری اسکول تھنہ منڈی میں بارہویں جماعت کے 17ویں بیچ کے طلباء کے اعزاز میں ایک شاندار الوداعی تقریب منعقد کی گئی۔ یہ تقریب پروفیسر غلام رسول بچہ میموریل ہال میں اسکول کے سرپرست خورشید بسمل کی صدارت میں منعقد ہوئی، جبکہ خورشید نائک، شگفتہ رینہ اور مولانا اشرف محمود بطور مہمانِ خصوصی تقریب میں شریک ہوئے۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسول مقبول ﷺ سے ہوا، جس نے ماحول کو روحانی و پروقار بنا دیا۔ اس کے بعد گیارہویں جماعت کے طالب علم مبشر ڈار نے اپنے سینئر ساتھیوں کے ساتھ گزارے لمحات کو یادگار قرار دیتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی۔ بارہویں جماعت کے طلبہ نے بھی اپنے اساتذہ، اسکول انتظامیہ اور ساتھیوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں بارہویں جماعت کے طلبہ روحان شال، نیرہ فاطمہ، اور مہک فاطمہ میر نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے اسکول میں گزارے گئے لمحات کو قیمتی قرار دیتے ہوئے اساتذہ کی رہنمائی اور جونیئرز کی محبت پر اظہارِ تشکر کیا۔ صدرِ محفل خورشید بسمل نے اپنے خطاب میں طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ محنت، دیانت داری اور نماز کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں اور جدید علوم کے حصول پر خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے کہا “آپ میدانِ عمل میں قدم رکھنے جا رہے ہیں، جہاں آپ کو ایک ذمہ دار شہری بن کر اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہوگا۔ کامیابی کے لیے تحقیق و جستجو، اور سائنسی علوم پر مہارت حاصل کرنا ضروری ہے۔ اگر آپ محنت اور لگن کو اپنا شعار بنائیں گے، تو ترقی کی راہیں آپ کے لئے کھلتی چلی جائیں گی۔انہوں نے طلباء کو چیلنجز کا سامنا کرنے، جدید علوم میں مہارت حاصل کرنے، اور مستقل سیکھنے کے جذبے کو اپنانے کی تلقین کی۔ خورشید بسمل نے اساتذہ کی شبانہ روز محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسکول کی کامیابی انہی کی لگن اور بہترین تدریسی خدمات کی مرہون منت ہے۔ انہوں نے طلبہ کو تاکید کی کہ وہ خوشی اور غمی کے ان ملے جلے لمحات میں اپنے مستقبل کی سنجیدہ منصوبہ بندی کریں اور اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے ہر ممکن کوشش کریں۔ تقریب میں زاہد خان کو “سال کا بہترین طالب علم” قرار دیا گیا، جبکہ پروگرام کی نظامت کے فرائض مبشر مشتاق ڈار نے بحسن و خوبی انجام دیے۔ اس موقع پر طلباء نے ایک شاندار کلچرل پروگرام بھی پیش کیا، جس میں تقاریر، نظمیں اور دیگر تخلیقی سرگرمیاں شامل تھیں۔ پروگرام میں نمایاں کارکردگی حاصل کرنے کا مظاہرہ کرنے والے طلباء کو انعامات و اعزازات سے نوازا گیا۔ اسکول کے سینئر لیکچرار محمد انیس شیخ نے شرکاء کے لئے مشروبات و ماکولات کا بہترین انتظام کیا تھا۔ آخر میں ادارے کے استاد اور کارگزار پرنسپل خورشید نائک نے تمام معزز مہمانوں، اساتذہ، اور طلباء کا شکریہ ادا کیا۔ دعائیہ کلمات کے ساتھ یہ پروقار تقریب اختتام پذیر ہوئی، جس میں اسکول کے اسٹاف، گیارہویں اور بارہویں جماعت کے تمام طلباء نے شرکت کی۔ یہ تقریب طلباء کے لئے نہ صرف یادگار رہی، بلکہ ان کے مستقبل کے لئے حوصلہ افزائی اور رہنمائی کا باعث بھی بنی۔