حسین محتشم
پونچھ//گاؤں شیندرہ اُپر کے لوگوں کو سڑک کے خستہ حالی کی وجہ سے کئی طرح کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق ان کے علاقے میں جو گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول ہے وہاں بھی اب دسویں اوربارویں جماعت کے بچوں کے امتحانائی مراکز نہیں بنائے جاتے، اس لئے ان بچوں کو دور دراز چنڈک ہائر سکنڈری اسکول میں جا کر امتحان دینے پڑتے ہیں، اس طرح ان کی تعلیم کا بھی نقصان ہوتا ہے اور ان کو کئی طرح کی مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔طاہر بشیر نامی ایک مقامی شخص نے بتایا کہ کہا ان سب سے بڑا مسئلہ سڑک کا ہے۔ محمد عالم نے بتایا کہ ان کے علاقہ کے ہائر سکنڈری اسکول میں طلباء کے لئے کھیل کا میدان بھی نہیں ہے جس کی وجہ سے انہیں سڑک میں اور ادھر ادھر زمینوں میں کھیلنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ علاقہ کے لوگ گراؤنڈ کے لئے زمین دینے کو بھی تیار ہیں تاہم متعلقہ محکمہ نہ جانے کیوں اس میں تاخیر کر رہا ہے۔ سپرنا ٹینڈنگ انجینئر محکمہ تعمیرات عامہ پونچھ سے جب اس بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ یہ کل 14 کلومیٹر سڑک ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سڑک کی تعمیرات کا کام تین مرحلوں میں انجام دیا جا رہا ہے پہلے مرحلے میں ایک سے پانچ کلومیٹر تک، دوسرے مرحلے میں چھ سے دس کلومیٹر تک اور تیسرے مرحل میں 11 سے 14 کلومیٹر تک اس کی تعمیرات کا کام کروایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ سڑک کسی ہیڈ میں نہیں ہے اس کے باوجود پہلے پانچ کلومیٹر کی تعمیرات کی گئی ہے۔دوسرے پانچ کلومیٹر جو ہیں ان کا نبارڈ اسکیم کے تحت ایک پلان بنایا گیا ہے وہ اٹھ کروڑ کا پلان ہے اس کی جلد ہی منظوری مل جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آخری چار کلومیٹر کے لئے بھی انہوں نے سی ٹی پلان کے تحت ایک پروجیکٹ بنایا تھا لیکن ابھی تک اس کے پیسے انہیں نہیں ملے۔ انہوں نے کہا کہ اس بار وہ کوشش کریں گے کہ پہلے 10 کلومیٹر کی مرمت کی جائے۔انہوں نے کہا کہ سڑک میں جو کھڈے بنے ہوئے ہیں ان کو بھرا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آخری چار کلومیٹر کے لئے بھی وہ پلان تیار کرکے اعلی حکام تک پہنچائیں گے اور کوشش کریں گے کہ جلد سے جلد اس سڑک کی مرمت ہو۔گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول شیندرہ کی پرنسپل نیلم شرما نے کہا کہ ان کے سکول کے بچوں کی تعداد بہت کم ہے جس کی وجہ سے وہاں اس سال امتحانی مرکز قائم نہیں ہو سکا اور مجبورا ان کو اپنے سکول کے بچوں کو امتحان کے لئے چنڈک ہائر سیکنڈری کو روانہ کرنا پڑا۔ انہوں نے شکایت کی کہ علاقہ کے لوگ سکول انتظامیہ کا تعاون نہیں کرتے ہیں جس کی وجہ سے ان کے بچوں کی پڑھائی کا ضیاں ہو رہا ہے۔