ریاستی حیثیت بحالی، سیکورٹی صورتحال اور دیگر امور پر تبادلہ خیال:وزیر اعلیٰ
جموں//وزیر اعلی عمر عبداللہ نے راجدھانی نئی دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کی۔جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سے عمر عبداللہ کی امت شاہ سے یہ تیسری ملاقات تھی۔عمر نے پارلیمنٹ ہائوس میں وزیر داخلہ کیساتھ بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے ساتھ ملاقات کے دوران جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت کی بحالی، سیکورٹی کی صورتحال اور نظم و نسق سمیت کئی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ عمر عبداللہ نے کہا کہ انہوں نے امیت شاہ کے ساتھ جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت، نظم و نسق سے متعلق معاملات، سیکورٹی صورتحال اور 3 مارچ کو جموں و کشمیر اسمبلی کے آئندہ بجٹ اجلاس پر تفصیلی بات چیت کی۔انڈیا بلاک اتحاد کے بارے میں پوچھے جانے پر عمر عبداللہ نے کہا کہ ان کے پاس اس بارے میں کچھ کہنا نہیں ہے۔ اگر انڈیا بلاک مستقبل میں کوئی میٹنگ بلاتی ہے تو وہ وہاں مسائل پر بات کرے گا۔ میں میڈیا میں کچھ کہتا ہوں تو میرے الفاظ کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جاتا ہے۔ اس لیے اگر مجھے کسی بات پر بات کرنی ہے تو میں اس پر انڈیا بلاک کی میٹنگ میں بات کروں گا۔گزشتہ ہفتے، وزیر داخلہ نے نئی دہلی میں اپنی رہائش گاہ پر سیکورٹی جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ میٹنگ میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سمیت اعلی سیکورٹی اور سول حکام نے شرکت کی۔