عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر//پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے پحکومت کے اس اقدام پر سخت تنقید کی جس کے تحت ان کی بیٹی اور پارٹی رہنما التجا مفتی کے دو پی ایس اوز کو معطل کر دیا گیا۔
محبوبہ مفتی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک پوسٹ میں کہا، ”یہ انتہائی ستم ظریفی اور ناانصافی ہے کہ التجا کے دو پی ایس اوز کو بلاوجہ معطل کر دیا گیا۔ انہیں صرف اس لیے سزا دی گئی کیونکہ التجا، ایک مجرم کی طرح گھر میں نظر بند کیے جانے کے باوجود، کٹھوعہ پہنچنے میں کامیاب ہو گئی۔
محبوبہ مفتی نے مزید کہا،دوسری طرف، سوپور میں وسیم میر یا بلاور میں مکھن دین کی ہلاکت کے ذمہ دار افراد کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی ـ
انہوں نے نیشنل کانفرنس کی حکومت پر بھی ذمہ داری سے بچنے کا الزام عائد کیا۔ محبوبہ مفتی نے کہا، این سی کی حکمران حکومت، جو اقتدار میں آنے سے پہلے عوام کو تحفظ اور وقار فراہم کرنے کے وعدے کر رہی تھی، اب خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ وہ نہ صرف اپنی ذمہ داریوں سے کنارہ کشی اختیار کر رہے ہیں بلکہ ان غیر منصفانہ اور غیر معمولی اقدامات کو معمول پر لانے میں بھی معاون بن رہے ہیں ـ