اشتیاق ملک
ڈوڈہ// ڈوڈہ ضلع کی سب ڈویژن گندوہ کے دور دراز گاؤں گوڑیکھڑا میں ہفتے کی شام ایک اخروٹ کے درخت پر سابق پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کی پارٹی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا جھنڈا غباروں کے ایک گچھے کے ساتھ لٹکا ہوا پایا گیا۔سوشل میڈیا پرجاری تصاویر اور ویڈیوز میں پی ٹی آئی کا جھنڈا درخت کی شاخوں کے درمیان معلق رنگین غباروں کے ساتھ پھنسا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔مقامی لوگوں نے اس واقعہ کی پولیس کو اطلاع دی جس کے بعد پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی مقامی لوگوں کی مدد سے جھنڈے کو غباروں سمیت اخروٹ کے درخت سے نیچے اتارا۔پولیس ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں تحقیقات شروع کی گئی ہے۔ایک پولیس عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ سیکورٹی ادارے معاملہ کے تمام پہلوؤں کی چھان بین کررہے ہیں۔عہدیدار نے کہا “ہم جائزہ لے رہے ہیں کہ آیا یہ کوئی جان بوجھ کر کیا گیا عمل تھا، سرحد پار کی شرارت تھی، یا محض ہوا سے اڑنے والی کوئی چیز تھی”۔جموں و کشمیر میں ماضی میں پاکستانی سیاسی علامتوں کے ظاہر ہونے کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، جس سے اکثر حفاظتی انتباہات پیدا ہوتے ہیں۔ حکام کسی بھی ممکنہ بدامنی یا واقعے کی غلط تشریح کو روکنے کے لیے چوکس ہیں.حکام نے مزید کہا کہ تحقیقات کے بعد مزید تفصیلات شیئر کی جائیں گی۔