سمت بھارگو+راجا ارشاد احمد
راجوری+گاندربل// جموں اور کشمیر کے پونچھ ضلع میں اتوار کو لائن آف کنٹرول کے ساتھ جنگل میں آگ لگنے کی وجہ سے کم از کم 4 بارودی سرنگیں پھٹ گئیں، لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ حکام نے بتایاکہ مینڈھر سب ڈویژن کے بالاکوٹ سیکٹر میں لنجوٹ جنگل میں دوپہر ایک بجے کے قریب آگ لگی اور بارودی سرنگوں میں دھماکے ہوئے۔ملی ٹینٹوں کو ملک میں گھسنے سے روکنے کے لیے ایل او سی کے ساتھ ساتھ آگے کے علاقوں میں بارودی سرنگیں نصب ہیں۔حکام نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی۔ انہوں نے مزید کہا کہ فوج، پولیس اور مقامی رضاکاروں کی مشترکہ کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔ادھروسطی کشمیر کے گاندربل ضلع کے بونی باغ چیرون میں اتوار کو جنگل میں زبردست آگ لگ گئی۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ آگ شام کو لگی اور وسیع علاقے میں پھیل گئی۔ “آگ جنگل کمپارٹمنٹ 69-S میں بھڑک اٹھی۔ آگ کی زد میں آنے والا علاقہ گھنے جنگلات سے گھرا ہوا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آگ بجھانے کی کوششیں جاری ہیں۔