عظمیٰ نیوز ڈیسک
لکھنو//مرکزی وزارت داخلہ اور اتر پردیش حکومت کی مشترکہ پہل میں مہاکمبھ 2025میں عقیدت مندوں، سنتوں اور کلپواسیوں کیلئے خصوصی راشن کا انتظام کیا گیا ہے۔ نیشنل ایگریکلچرل کوآپریٹو مارکیٹنگ فیڈریشن آف انڈیا (نافید) کے ذریعے، ضروری اشیا جیسے آٹا، دالیں ، چاول اور دیگر چیزیں رعایتی قیمتوں پر فراہم کی جا رہی ہیں۔سہولت کو یقینی بنانے کیلئے عقیدت مند وٹس ازایپ اور فون کال کے ذریعے راشن کا آرڈر دے سکتے ہیں۔ اب تک 1,000میٹرک ٹن سے زیادہ راشن خصوصی طور پر NAFEDکے ذریعے سنتوں اور روحانی پیشوائوں میں تقسیم کیا جا چکا ہے۔ مزید برآں کمبھ میلہ کے پورے علاقے میں 20موبائل وین فعال طور پر کام کر رہی ہیں تاکہ ہموار اور بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے اور یاتریوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔NAFEDکے ریاستی سربراہ روہت جمن نے کہا کہ راشن کی تقسیم کی یہ خصوصی پہل مرکزی وزارت داخلہ اور اتر پردیش حکومت مشترکہ طور پر چل رہی ہے۔ منیجنگ ڈائریکٹر دیپک اگروال ذاتی طور پر اس منصوبے پر عمل درآمد کی نگرانی کر رہے ہیں۔ راشن پیک میں 10کلو آٹا، 10کلو چاول اور 1کلو دالوں کے پیکٹ (مونگ، مسور اور چنے کی دالیں)شامل ہیں۔مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی رہنمائی اور وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت میں نافذ کی گئی اس پہل کے تحت پہلے ہی 700میٹرک ٹن آٹا، 350میٹرک ٹن دالیں اور 10میٹرک ٹن چاول تقسیم کیے جا چکے ہیں۔NAFEDکی مصنوعات اور ‘بھارت’ برانڈ نے عقیدت مندوں میں کافی مقبولیت حاصل کی ہے۔