عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر//صوبائی کمشنرکشمیر وی کے بدھوری نے اتوار کے روز سونہ مرگ کا دورہ کیا اور وہاں پر آگ سے ہوئی تباہی کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر صوبائی کمشنر کشمیر نے یقین دلایا کہ متاثرین کو جلدازجلد معاوضہ فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ فی الحال سونہ مرگ میں عارضی طورپر دو فائر ٹینڈرگاڑیاں موجود رہیں گی۔
ان باتوں کا اظہار ڈویژنل کمشنر کشمیر نے سونہ مرگ میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
انہوں نے کہاکہ سونہ مرگ میں آگ کی ایک ہولناک واردات میں پورے مارکیٹ کو نقصان پہنچا ہے۔
انہوں نے کہاکہ سونہ مرگ میں فائر اسٹیشن کے قیام کی خاطر اراضی کی نشاندہی کی گئی ہے اور بہت جلداس پر کام شروع کیا جائے گا۔
صوبائی کمشنر کے مطابق فی الحال سونہ مرگ میں عارضی طورپر دو فائر ٹینڈر تعینات رہیں گے اور اس حوالے سے ڈائریکٹر فائر سروس نے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔
متاثرین کی باز آباد کاری اور معاوضہ فراہم کرنے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں صوبائی کمشنر کشمیر نے کہاکہ اس حوالے سے بہت جلد فیصلہ لیا جائے گا۔
انہوں نے دکانداروں اور تاجروں سے اپیل کی کہ آگ سے بچاو کی خاطراحتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جانا چاہئے۔
ان کے مطابق ہر چیز کے لئے ہمیں قبل از وقت تیاری کرنی چاہئے اور میں متاثرین کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ انتظامیہ ان کی باز آباد کاری کے حوالے سے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرئے گی۔
سونہ مرگ میں عارضی طورپر دو فائر ٹینڈر تعینات رہیں گے :صوبائی کمشنرکشمیر
