عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر//میر واعظ کشمیر مولوی محمد عمر فاروق نے انجینئر رشید کی بگڑتی ہوئی صحت پر تشویش کا اظہارکیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کی منتخب حکومت کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنے منشور میں کئے گئے وعدوں کی پاسداری اور قیدیوں کی رہائی کے لئے زمینی سطح پر اقدامات اٹھائیں۔
اطلاعات کے مطابق میر واعظ مولوی عمر فاروق نے اتوار کے روز انجینئر رشید کی بگڑتی ہوئی صحت پر تشویش کا اظہار کیا جنہیں اب ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ یہ بھی اطلاع ہے کہ تہار جیل انتظامیہ نے این آئی اے کی تحویل میں موجود سیاسی قیدیوں سے من مانی طور پر فون کال اور ویڈیو کال کی سہولت واپس لے لی ہےجو انتہائی تکلیف دہ ہے۔
علاوہ ازیں، جیلوں میں موجود کئی سیاسی قیدیوں، خصوصاً بزرگ قیدیوں کی صحت کے بارے میں ملنے والی رپورٹس نہ صرف ان کے اہل خانہ بلکہ تمام لوگوں کے لیے باعثِ تشویش ہیں۔
ان کے مطابق کشمیریوں کے ساتھ سختی برتنے کی پالیسی ایک لا حاصل عمل ہے۔
میر واعظ نے ایک بار پھر حکومت ہند سے مطالبہ کیا ہے کہ تمام سیاسی قیدیوں، بشمول قیادت، وکلا، سول سوسائٹی کے اراکین، صحافیوں اور نوجوانوں کو رہا کیا جائے، اور کم از کم جب تک وہ جیلوں میں ہیں، ان کے حقوق کا جیل قوانین کے مطابق احترام اور انہیں بحال کیا جائے۔
انہوں نے کہاکہ جموں و کشمیر کی منتخب حکومت کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنے منشور میں کیے گئے وعدوں کی پاسداری کرے اور قیدیوں کی رہائی اور ان کی راحت رسانی کیلئے اقدامات کرے ـ
کشمیریوں کے ساتھ سختی برتنے کی پالیسی ایک لاحاصل عمل ہے :میر واعظ
