عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر// جموں و کشمیر بی جے پی کے جنرل سکریٹری اشوک کول کا کہنا ہے کہ دلی کے چنائو میں بی جے پی کی شاندار جیت سے یہ صاف ہوگیا کہ ملک کا ووٹر بی جے پی کے ساتھ ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں آگے جتنے بھی چنائو ہوں گے بی جے پی ان میں آگے رہے گی۔
موصوف جنرل سکریٹری نے ان باتوں کا ظہار اتوار کو یہاں ایک تقریب کے حاشیئے پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘پارلیمنٹ چنائو کے بعد ملک میں جتنے بھی چنائو ہوئے چاہئے وہ جموں و کشمیر کے چنائو تھے، مہاراشٹرہ کے چنائو تھے یا ہر یانہ کے چنائو تھے، ان میں دیکھا گیا کہ ووٹروں نے بی جے پی کو تسلیم کیا ہے’۔ان کا کہنا تھا: ‘دلی کے چنائو نے خاص طور پر صاف کر دیا کہ ملک کا ووٹر بی جے پی کے ساتھ ہے، ملک میں آگے جتنے بھی چنائو ہوں گے ان سب میں بی جے پی آگے بڑھے گی’۔
مسٹر کول نے کہا کہ جموں وکشمیر میں ہونے والے پنچایتی اور میونسپل چنائو میں بھی بی جے پی کو اکثریت ملے گی۔
کشمیری پنڈتوں کی وطن واپسی کے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا: ‘کشمیری پنڈت تب تک واپس نہیں آسکتے ہیں جب تک نہ کشمیری مسلمان ان کو تسلیم کرے گا’۔ان کا کہنا تھا: ‘جس طرح سردیوں میں جموں کا ہندو کشمیریوں کو قبول کرتا ہے اسی طرح کشمیریوں کو بھی پنڈتوں کو تسلیم کرنا ہوگا’۔سابق وزیر اعظم آنجہانی اٹل بہاری واجپائی کی جنم جینتی کے سلسلے منعقد ہونے والی تقاریب کے بارے میں جنرل سکریٹری نے کہا: ‘اٹل جی کی بدولت ہی آج بی جے پی ہے انہوں نے وزیر خارجہ اور وزیر اعظم کی حیثیت سے کار ہائے نمایاں انجام دئے ہیں’۔انہوں نے کہا: ‘کشمیر کے لوگ اور کشمیر کے لیڈر بھی اٹل جی کے نظریے اور ان کی شخصیت کا احترام کرتے ہیں’۔