عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر// محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر میں اگلے 48 گھنٹوں کے دوران مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ کہیں کہیں ہلکے درجے کے برف و باراں کا امکان ہے۔محکمے نے سیاحوں، مسافروں اور ٹرانسپورٹروں سے ٹریفک ایڈوائزری پر عمل کرنے کو کہا ہے۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 9 فروری کی شام کو پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارشوں کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ 10 اور 11 فروری کو کہیں کہیں خاص طور پر شمالی اور وسطی کشمیر کے بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری یا بارشیں ہوسکتی ہیں جبکہ اس دوران صوبہ جموں میں بھی کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارشیں متوقع ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ وادی میں 12 سے 14 فروری تک موسم عام طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔
موصوف ترجمان نے کہا کہ 14 سے 16 فروری تک موسم ایک بار پھر ابر آلود رہنے کا امکان ہے اور اس دوران پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی بارشوں یا برف باری متوقع ہے۔انہوں نے کہا کہ وادی میں 17 فروری کو موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں سیاحوں، مسافروں اور ٹرانسپورٹروں سے ٹریفک ایڈوائزری پر عمل کرنے کو کہا ہے۔
دریں اثنا وادی کشمیر میں جاری خشک موسمی صورتحال سے خآص طور پر وسطی کشمیر کے کسان طبقے میں تشویش کی لہر پھیل گئی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ خشک موسمی صورتحال سے موسم گرما میں پانی کی شدید قلت کا امکان ہے جس کے نتیجے میں فصلوں کو نقصان کے خطرات لاحق ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ موسمی صورتحال سے میوہ باغوں کو شدید نقصان کے خطرات لاحق ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں ماہ دسمبر میں وادی کے بیشتر اضلاع میں 58 فیصد بارش کی کمی ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ اس دوران جنوبی کشمیر میں بارش معمول کے مطابق ریکارڈ ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ماہ جنوری سے 6 فروری تک وادی کے بیشتر اضلاع میں بارش کی 88 فیصد سے زیادہ کمی ریکارڈ ہوئی ہےـ