محمد تسکین
بانہال// ناشری ۔ چنینی ٹنل کے اندر جموں سے رام بن کی طرف آرہے ایک ڈمپر اور مخالف سمت سے آرہی ایک ٹیمپو ٹرولر کی ٹکر کے نتیجے میں ٹیمپو میں سوار پانچ مسافر زخمی ہوئے ہیں جن میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔ پولیس نے زخمیوں کو ضلع ہسپتال رام بن منتقل کیا ہے ۔پولیس نے بتایا کہ یہ حادثہ ہفتے کی دوپہر قریب ساڑھے بارہ بجے اسوقت پیش آیا جب ناشری ٹنل کے وسط میں جموں سے وادی کشمیر کی طرف آرہے ایک ڈمپر زیر نمبر JK19-8324 نے مخالف سمت میں سرینگر سے جموں کی طرف جارہی ٹیمپو ٹرولر زیر نمبرJK01V-4012سے ٹکرا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ٹکر شدت سے ٹیمپو ٹرولر کے ایک حصے کو شدید نقصان پہنچا اور اندر بیٹھے پانچ مسافر زخمی ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور ٹنل انتظامیہ کی مدد سے زخمی مسافروں کو ضلع ہسپتال رام بن منتقل کیا گیا جہاں پانچ میں سے دو مسافروں کی حالت تشویشناک ہے اور وہ زیر علاج ہیں ۔ انہوں کہا کچھ وقت تک ناشری ٹنل کے اندر ٹریفک کی نقل و حرکت تھم گئی تاہم بعد میں ٹنل کے اندر معمول کا ٹریفک بحال کیا گیا ۔ پولیس نے اس سلسلے میں ضابطے کی کارروائی شروع کردی ہے۔