عاصف بٹ
کشتواڑ//اے آر ٹی او کشتواڑ نے ضلع کے اندر بلیک لسٹ شدہ 526گاڑیوں ،جن میں کمرشل و نجی گاڑیاںشامل ہیں، کے مالکان کو حتمی نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ 7دنوں کے اندر مطلوبہ جرمانہ جمع کرائیں اور ایسا نہ کرنے کی صورت میں ان گاڑیوں کو ضبط کر لیا جائے گا۔ اس سلسلے میں جاری کردہ حکمنامہ کے مطابق اے آر ٹی او کشتواڑ کی نوٹس میں آیا ہے کہ مختلف جرائم کے لیے 526گاڑیوں کا ای چالان کیا گیا تھا لیکن ان پر عاید جرمانہ آن لائن کے ذریعے جمع نہیں کیا گیا۔نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ ایم وی ایکٹ 1988 کے مطابق ان تمام گاڑیوں کو اے آر ٹی او آفس نے وقتاً فوقتاً بلیک لسٹ کیا ہے، اب اس نوٹس کے ذریعے ان تمام گاڑیوں کے مالکان کو مطلع کیا جاتا ہے کہ وہ اس نوٹس کے جاری ہونے سے 7دنوں کے اندر اپنے زیر التواء ٹریفک چالان ادا کریں، اگر ان میں سے کوئی گاڑی سڑک پر چلتی ہوئی پائی گئی تو قانون کے مطابق دیگر کارروائی کے علاوہ اسے ضبط کر لیا جائے گا۔ اے آر ٹی او کی جانب سے جاری کردہ فہرست کے مطابق کچھ گاڑیوں کا ایک دہائی قبل چالان کیا گیا تھا لیکن حیرت انگیز طور پر آج تک مالکان نے مطلوبہ جرمانے جمع نہیں کرائے ہیں، سبھی کو سات روز کے اندرجرمانہ جمع نے کی ہدایت جاری کی جاتی ہے بصورت دیگر سخت کاروائی ہوگی۔