محمد بشارت
کوٹرنکہ//پنچایت حلقہ سواڑی بگیالہ کوٹ کے مقامی لوگوں نے محکمہ جل شکتی کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے راجوری-بدھل شاہراہ کو مہر گلی کے مقام پر بند کر دیا۔ مظاہرین نے محکمہ کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے الزام لگایا کہ حکومت کی ’ہر گھر کو نل سے جل‘ اسکیم محض ایک دکھاوا ہے، کیونکہ زمینی سطح پر عوام کو اس کا کوئی فائدہ نہیں پہنچ رہا۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ حکومت نے جل جیون مشن کے تحت ہر پنچایت میں کروڑوں روپے کے فنڈز جاری کیے تاکہ ہر گھر تک صاف پانی پہنچایا جا سکے، لیکن محکمہ جل شکتی کے ملازمین اور ٹھیکیداروں کی ملی بھگت کی وجہ سے اس فنڈ کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے۔ نتیجتاً، عوام آج بھی پانی کی شدید قلت کا سامنا کر رہی ہے۔احتجاج میں شریک افراد نے کہا کہ انہوں نے کئی بار محکمہ جل شکتی کے ملازمین کو پانی کی قلت کے بارے میں آگاہ کیا، لیکن ان کی شکایات کو نظرانداز کیا گیا۔ محکمہ کے ملازمین نے یقین دہانی کرائی تھی کہ پانی کی سپلائی جلد بحال کی جائے گی یا پھر ٹینکر کے ذریعے پانی فراہم کیا جائے گا، لیکن آج پندرہ دن گزر چکے ہیں، نہ تو نصب شدہ پائپ لائنوں میں پانی کی سپلائی بحال ہوئی اور نہ ہی کسی ٹینکر کے ذریعے پانی فراہم کیا گیا۔مظاہرین نے کہا کہ پانی جیسی بنیادی سہولت سے محروم ہو کر وہ اپنے بچوں سمیت سڑکوں پر احتجاج کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ محکمہ جل شکتی کے افسران اور اہلکار عوامی مسائل کو نظرانداز کر رہے ہیں اور بدعنوانی میں ملوث ہیں۔احتجاج کی اطلاع ملتے ہی نائب تحصیلدار کوٹرنکہ پولیس نفری کے ساتھ موقع پر پہنچے اور مظاہرین کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ان کا مسئلہ فوری طور پر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کل ہی علاقے میں پانی کی سپلائی کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ عوام کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔حکام کی یقین دہانی کے بعد مظاہرین نے احتجاج ختم کر دیا اور راجوری-بدھل شاہراہ کو آمد و رفت کے لئے بحال کر دیا تاہم، عوام نے خبردار کیا کہ اگر پانی کی سپلائی جلد بحال نہ ہوئی تو وہ دوبارہ سڑکوں پر نکل کر بڑا احتجاج کریں گے۔