عظمیٰ نیوز سروس
ریاسی//کٹرہ میں جبری مشقت کا شکار 4 کمسن بچوں کو ضلع انتظامیہ ریاسی نے بازیاب کروا لیا۔ اس کارروائی کا مقصد چائلڈ لیبر کے خلاف کریک ڈاؤن اور متاثرہ بچوں کی بحالی کو یقینی بنانا تھا۔یہ مہم سوشل ویلفیئر اور لیبر ڈیپارٹمنٹ کے اشتراک سے نیشنل کمیشن فار پروٹیکشن آف چائلڈ رائٹس کی ہدایات پر عمل میں لائی گئی۔ کارروائی کی نگرانی ڈسٹرکٹ چائلڈ پروٹیکشن آفیسر سچن شرما اور اسسٹنٹ لیبر کمشنر اینی وید نے کی، جبکہ متعدد دیگر متعلقہ محکموں کے اہلکار بھی شریک تھے۔ریسکیو ٹیم نے کٹرہ کے مختلف کاروباری مراکز بشمول دکانوں، ہوٹلوں، ڈھابوں، ورکشاپس اور اسٹریٹ اسٹالز کا معائنہ کیا۔چھاپوں کے دوران چار کمسن بچوں کو چائلڈ لیبر میں ملوث پایا گیا، جنہیں فوری طور پر بازیاب کر لیا گیا۔ریسکیو ٹیم میں سوشل ویلفیئر، لیبر، ہیلتھ، پولیس، ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی (DLSA)، چائلڈ ہیلپ لائن اور چائلڈ ویلفیئر کمیٹی (CWC) کے ارکان شامل تھے۔چائلڈ پروٹیکشن قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔عوام کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ بچوں کے استحصال، اسمگلنگ یا کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی اطلاع چائلڈ پروٹیکشن آفس ریاسی یا چائلڈ ہیلپ لائن نمبر 1098 پر دیں۔تمام بازیاب شدہ بچوں کو طبی معائنے کے بعد چائلڈ ویلفیئر کمیٹی (CWC) ریاسی کے سامنے پیش کیا گیا، جہاں ان کی بحالی کا عمل شروع کیا جا چکا ہے۔