عوام کو گھروں کی دہلیز پر ڈرائیونگ لائسنس فراہم کرنے کی یقین دہانی
راجوری// نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے نوشہرہ میں اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر (ARTO) کیمپ آفس کا افتتاح کیا، جو سرحدی علاقوں میں ٹرانسپورٹ خدمات کو بہتر بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔یہ اقدام نوشہرہ اور سندربنی کے عوام کو مقامی سطح پر ٹرانسپورٹ خدمات فراہم کرنے کے لئے کیا گیا ہے، جو پہلے اہم خدمات کے لئے 80 کلومیٹر دور راجوری جانے پر مجبور تھے۔ اب مقامی باشندے اپنی دہلیز پر رجسٹریشن، ڈرائیونگ لائسنس، اور دیگر ٹرانسپورٹ خدمات حاصل کر سکیں گے۔نئے قائم شدہ کیمپ آفس میں ہر پیر کو گاڑیوں کا معائنہ جبکہ ہر ہفتے کے ہفتہ کے دن ڈرائیونگ ٹرائل ٹیسٹ کا انعقاد کیا جائے گا، تاکہ شہریوں کو بروقت اور معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔یہ اقدام خاص طور پر لائن آف کنٹرول (LoC) کے قریب رہنے والے باشندوں کے لئے نہایت فائدہ مند ثابت ہوگا، کیونکہ اس سے نہ صرف وقت اور اخراجات کی بچت ہوگی بلکہ سفری مشکلات بھی کم ہوں گی۔ عوام نے اس فیصلے کو حکومت کا ایک انقلابی قدم قرار دیا اور اسے سرحدی علاقوں میں ٹرانسپورٹ خدمات کی بہتری کے لیے ایک سنگ میل سے تعبیر کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت ضروری خدمات کی غیر مرکزی سہولت فراہم کرنے کے عزم پر کاربند ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ نوشہرہ میں اے آر ٹی او کیمپ آفس کا قیام عوام کو ٹرانسپورٹ سے متعلق سہولیات کی آسان فراہمی اور ان کے مسائل کے حل کے لئے ایک اہم قدم ہے۔مقامی عوام اور عوامی نمائندوں نے انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام لائسنس، گاڑیوں کی رجسٹریشن اور روڈ سیفٹی قوانین کی پابندی کو آسان اور موثر بنائے گا۔ اس فیصلے سے نہ صرف ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بہتری آئے گی بلکہ مقامی آبادی کو بھی بڑی سہولت میسر ہوگی۔
گورو گری جی مہاراج کی یوم پیدائش کی تقریبات میں شرکت
عظمیٰ نیوزسروس
نوشہرہ//نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمارچودھری نے نوشہرہ میں سوامی گورو گری جی مہاراج کےیوم پیدائش کے موقعے پر عقیدتمندوں اور پیروکاروں کے ساتھ شرکت کی۔یہ تقریب روحانی جوش و جذبے ، دعائوں اور تقاریر سے بھرپور رہی جس میں اِس عظیم المرتبت سنت کی تعلیمات او رخدمات کو اُجاگر کیا گیا۔اِس موقعہ پر نائب وزیراعلیٰ نے سوامی گورو گری جی مہاراج کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اُنہوں نے ہمیشہ اَمن ، ہم آہنگی اور بے لوث خدمت کا پیغام دیا۔اُنہوں نے کہا ،’’ سوامی گورو گری جی مہاراج نے اَپنی زندگی معاشرے کی فلاح و بہبود، روحانی روشن خیالی اور اِنسانی اَقدار کو فروغ دینے کے لئے وقف کردی۔ اُن کی تعلیمات آج بھی نسلوں کے لئے مشعل راہ ہیں۔‘‘تقریب میں مذہبی سکالروں، عقیدتمندوں اور مقامی معززین نے شرکت کی۔ بھجن اور کیرتن کی محافل منعقد ہوئیں اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔نائب وزیر اعلیٰ نے سماجی اِتحاد کو فروغ دینے میں سنت کی خدمات کو سراہتے ہوئے لوگوں پر ززور دیا کہ وہ سوامی گورو گری جی مہاراج کی راہ پر چلیں اور اِنسانیت کی خدمت کو اَپنا مقصد بنائیں۔