عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی//جیل میں مقید رکن پارلیمان انجینئر رشید کی صحت بگڑ گئی ہےـ تہاڑ جیل میں ان کی غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال آج آٹھویں روز میں داخل ہو گئی۔
عوامی اتحاد پارٹی (اے آئی پی) نے اپنے بیان میں کہا کہ انجئیر رشید کو طبی امداد کے لیے نئی دہلی کے رام منوہر لوہیا اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
پارٹی کے ترجمان انعام النبی نے کہا انجینئر رشید کی صحت کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔ ان کی سنگین حالت کے باوجود انصاف کے لیے ان کی آواز بلند ہے۔ ہم حکام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ان کی طبی دیکھ بھال کو ترجیح دیں اور فوری اور مکمل علاج کو یقینی بنائیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ حکومت کو اس معاملے پر فوری توجہ دینی چاہیے۔ انجینئر رشید کی مسلسل قید اور بگڑتی ہوئی صحت سنگین مسئلہ ہے۔ انصاف نہ صرف ہوناس چاہیے بلکہ ہوتا ہوا نظر بھی آنا چاہیے۔
عوامی اتحاد پارٹی نے عدالتی نظام پر اپنے اعتماد کا اعادہ کرتے ہوئے حکام پر زور دیا کہ وہ انجئیر رشید کے ساتھ انسانی بنیادوں پر سلوک کریں اور ان کے کیس کا جلد از جلد حل نکالیں۔