یو این آئی
رم اللہ//اسرائیلی فوج نے شمالی مغربی کنارے میں اپنے حملوں میں شدت پیدا کرتے ہوئے جنین میں کئی عمارتوں کو ہوا میں اڑا دیا ۔اسرائیلی فوج جس نے اتوار 19جنوری کو غزہ میں جنگ بندی کے نفاذ کے بعد 21جنوری کو مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی حصے پر جارحیت کا آغاز کیا تھا، جنین شہر، جنین پناہ گزین کیمپ اور تلکریم اور تباص پر اپنے حملے جاری رکھے ہوئے ہے۔شہروں کو گھیرے میں لے کر اور بڑی تعداد میں فلسطینیوں کو حراست میں لینے کے بعد، اسرائیلی فوج علاقے میں گھروں کو مسمار کررہی ہے، نقل و حمل، پانی، بجلی اور مواصلات کے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا رہی ہے، اور فلسطینی املاک کو فوجی بیرکوں میں تبدیل کر رہی ہے۔عینی شاہدین کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فورسز نے جنین ریفیوجی کیمپ میں کئی عمارتوں کو دھماکے سے اڑا دیا۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ صبح سویرے علاقے میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں۔یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے کیمپ کے آس پاس کے علاقے میں فوجی کمک بھیجی ہے۔تلکریم کے گورنر عبداللہ کمیل نے بھی ایک بیان میں بتایا ہے کہ کیمپ میں مقیم 85 فیصد لوگ اسرائیلی حملوں کی وجہ سے بے گھر ہو گئے ہیں۔طوباس شہر کے الفاریہ پناہ گزین کیمپ اور تمون قصبے پر حملے 6 دنوں سے بلا تعطل جاری ہیں۔