عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/نیشنل کانفرنس کے معاون جنرل سیکریٹری ڈاکٹر مصطفی کمال کا کہنا ہے کہ دس سال کے غلط فیصلوں، بدانتظامی اور غیر سنجیدہ اقدامات سے پیدا شدہ صورتحال راتوں رات حل نہیں ہوسکتی ہے. انہوں نے کہاکہ پہلے بھاجپا پی ڈی پی اور پھر بھاجپا کی بذریعہ گورنر راج براہ راست حکمرانی کے دوران یہاں کے عوام کو اندھیروں میں دھکیلنے میں کوئی کثر باقی نہیں چھوڑی گئی۔ان باتوں کا اظہارموصوف نے شیر کشمیر بھون جموں میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں 6سال بعد جمہوریت کا سورج طلوع ہوا ہے اور عوامی حکومت کے قیام کے بعد اُمید کی نئی کرن پیدا ہوئی ہے۔
جمہوری نظام کا بدلاؤ زمینی سطح پر بخوبی دیکھا اور محسوس کیا جاسکتا ہے، اب ہر ایک جگہ پر لوگوں کا کوئی سننے والا ہے اور لوگوں کی آواز بلند کرنے والا کوئی نمائندہ موجود ہے۔ انہوں نے کہاکہ نیشنل کانفرنس کے عوامی نمائندے اور وزراءنے خود کو عوام کیلئے وقف رکھا ہے ، جس کی بدولت انتظامیہ بھی عوامی مسائل و مشکلات کے تئیں متحرک ہوگئی ہے۔
ڈاکٹر کمال نے کہاکہ نیشنل کانفرنس حکومت اُن تمام وعددوں کو پورا کرے گی جو پارٹی نے اپنے انتخابی منشور میں عوام سے کئے ہیں۔ بجلی فیس میں کمی ہو، پینے کے پانی کی باقاعدگی ہو، نوجوانوں کا بھرتی عمل ہو، خط افلاس سے نیچے زندگی بسر کرنے والوں کی مدد و اعانت ہو یا دیگر وعدے۔
نیشنل کانفرنس حکومت تمام وعدوں کو عملی جامہ پہنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کریگی اور عوام کی راحت رسانی میں کوئی بھی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ خصوصی پوزیشن کی بحالی سے متعلق قرارداداسمبلی میں دو تہائی اکثریت سے پاس کرائی گئی، ریاستی درجہ کی بحالی کیلئے قرارداد کابینہ سے منظور کرائی گئی، تعلیمی کلینڈر کو عوام مطالبات کے عین مطابق واپس نومبر دسمبر میں منتقل کیا گیا، مسابقتی امتحانات میں بیٹھنے والے اُمیدواروں کی عمر کی حد میں راحت دی گئی، بجلی کے سپلائی نظام میں معقولیت لائی گئی اور عوامی راحت کے اقدامات آئے روز ہورہے ہیں۔
ڈاکٹرکمال نے کہا کہ نیشنل کانفرنس منشورمیں جو ضمانتیں اور وعدے کئے ہیں وہ عوام کی شکایات کو دور کرنے کے لئے روڈ میپ کے طور پرسامنے رکھا گیا ہے۔انہوں نے یقین دلایا کہ عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت تمام وعدوں کو پورا کرنے کے لئے انتھک محنت کرے گی۔عوامی حکومت کے قیام سے لوگوں نے راحت کی سانس لی ہے اور لوگ زمینی سطح پر تبدیلیاں محسوس کررہے ہیں.
جموں وکشمیر میں 6سال بعد جمہوریت کا سورج طلوع ہوا ہے: ڈاکٹرمصطفی کمال
