عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/سی پی آئی ایم کے سیکریٹری یوسف تاریگامی نے کہا کہ قانون کے محافظ اگر قانون شکنی کی کسی بھی واردات میں ملوث ہوں تو انہیں بھی سزا ملنی چاہئے۔انہوں نے کہاکہ کولگام میں فوجی جوان کی ہلاکت کے بعد اندھا دھند گرفتاریوں سے عوام میں خوف وہراس پیدا ہو ا ہے۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے کولگام میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران ۔
انہوں نے کہاکہ آج میں یہاں بہی باغ کولگام، مرحوم فوجی جوان کے گھر والوں سے تعزیت پرسی کے لئے آیا ہوں۔انہوں نے کہاکہ یہ واقع دردناک بھی ہے اور شرمناک بھی، تحقیقات ہونی چاہئے تاکہ مجرموں کاپتہ لگاکر انہیں قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔
یوسف تاریگامی نے کہا ’تحقیقات کرتے وقت اس بات کا بھی خیال رکھا جائے کہ قانون کے تحت ہی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ‘انہوں نے مزید بتایا کہ اندھا دھند گرفتاریوں سے خوف وہراس کاماحول پیدا ہوا ہے لہذا اس سے اجتناب کی ضرورت ہے۔
ان کے مطابق بارہ مولہ میں اندھا دھند فائرنگ سے ایک عام شہری مارا گیا، کٹھوعہ میں بھی شہری کی پرا سرار موت واقع ہوئی اور ان دونوں واقعات کی تحقیقات ہونی چاہئے۔سی پی آئی ایم کے سیکریٹری نے کہاکہ قانون کے محافظ اگر قانون شکنی کی کسی بھی واردات میں ملوث پائے گئے تو انہیں بھی سزا ملنی چاہئے۔
یوسف تاریگامی نے کہاکہ موجودہ سرکار سے یہی اپیل ہے کہ یہاں پر امن ماحول قائم کیا جائے، امن کے نام پر غیر ضروری تکلیف عوام کو پہنچنے اس سے مرض بڑھے گا اور امن و امان میں بھی خلل پڑنے کا امکان ہے۔