عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/عمر عبداللہ حکومت کا پہلا بجٹ سیشن تقریباً ایک ماہ تک جاری رہنے کی توقع ہے، جس میں قانون سازوں کو ایل جی کے خطاب، بجٹ، وزارتوں کے گرانٹس، نجی اراکین کے بلوں اور قراردادوں پر بحث کے لیے مکمل وقت دیا جائے گا۔ یہ سیشن 3 مارچ کو لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے قانون ساز اسمبلی سے خطاب کے ساتھ شروع ہوگا۔
قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر عبد الرحیم راتھر نے کہا کہ کیلنڈر کو حتمی شکل دی جا رہی ہے اور اگلے دو سے تین دن میں اسے جاری کر دیں گے۔ سیشن کے آغاز پر بزنس ایڈوائزری کمیٹی (بی اے سی) تشکیل دی جائے گی جو کاروباری شیڈول میں کسی بھی ترمیم کی تجویز دے سکتی ہے۔
اسپیکر کی جانب سے حکومت اور اپوزیشن دونوں کو مکمل وقت دینے کی توقع ہے۔ قانون سازوں کو بلوں اور قراردادوں کے تعارف کے ساتھ ساتھ بحث، سوالات اور دیگر امور کے لیے مناسب وقت ملے گا۔ بجٹ سیشن تقریباً ایک ماہ تک جاری رہے گا۔ چونکہ مارچ میں رمضان المبارک کا مہینہ بھی آ رہا ہے، اس لیے اسمبلی میں زیادہ تر سنگل سیشنز ہونے کی توقع ہے۔
عام طور پر یونین ٹیریٹریز میں اسمبلی اجلاس بہت کم وقت کے لیے منعقد ہوتے ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق دہلی کی گزشتہ سرکار نے پانچ سال میں اسمبلی کے صرف 74 دن اجلاس کئے، اور ہر سیشن عام طور پر سات سے آٹھ دن کا رہا۔ تاہم یہ جموں وکشمیر یوٹی کا پہلا مکمل بجٹ سیشن ہوگا اور عمر عبداللہ حکومت کے قیام کے بعد دوسرا اجلاس ہوگا۔ پہلا اجلاس گزشتہ سال نومبر میں صرف پانچ دن تک جاری رہا تھا۔
فی الحال جموں و کشمیر میں صرف چھ وزیر بشمول وزیر اعلیٰ ہیں، جبکہ ریاست کے دور میں یہ تعداد 25 تھی۔ یو ٹی ہونے کی حیثیت سے جموں و کشمیر میں زیادہ سے زیادہ 9 وزیر ہو سکتے ہیں (90 رکنی اسمبلی کا 10 فیصد، جبکہ پانچ ایم ایل ایز کی نامزدگی ابھی باقی ہے۔ وزراء کے پاس پانچ سے چھ محکمے ہوں گے، اس لیے ان کے گرانٹس کی بحث دو دن تک جاری رہ سکتی ہے۔
یاد رہے بجٹ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ پیش کریں گے کیونکہ وہ وزیر خزانہ کا عہدہ بھی رکھتے ہیں۔ بجٹ کو ایوان میں وزارتوں کے تمام گرانٹس کی منظوری کے بعد’’تخصیصی بل‘‘ کی صورت میں پاس کیا جائے گا۔
دریں اثناء رولز کمیٹی برائے قانون ساز اسمبلی کا چوتھا اجلاس 11 فروری کو ہوگا۔اجلاس کی صدارت قانون ساز اسمبلی کے سپیکر کریں گے جو کہ کمیٹی کے سابق چیئرمین ہیں۔اگر ارکان کی اکثریت میں اتفاق رائے ہو جائے توقع ہے کہ میٹنگ میں مسودہ قوانین کو منظور کیا جائے گا اور پھر اسے منظوری کے لیے لیفٹیننٹ گورنر کو بھیجا جائےگا۔
راتھر کی سربراہی میں ’’قواعد کمیٹی‘‘ میں شامل اراکین میں نیشنل کانفرنس کے سابق اسپیکر مبراک گل، سابق وزیر قانون سیف اللہ میر، سابق ایم پی اور ریٹائرڈ ہائی کورٹ جج حسنین مسعودی، بی جے پی کے سابق وزیر پون کمار گپتا اور رنبیر سنگھ پتھانیا، سی پی ایم کے ایم وائی تاریگامی، کانگریس کے نظام الدین بھٹ اور آزاد ایم ایل اے مظفر اقبال خان شامل ہیں۔ دو بی جے پی اراکین کے علاوہ، باقی تمام اراکین نیشنل کانفرنس اتحاد کا حصہ ہیں۔
عمر عبداللہ حکومت کا پہلا بجٹ اجلاس تقریباً ایک ماہ تک جاری رہنے کی توقع،سیشن کا آغاز 3مارچ کو
