رمیش کیسر
نوشہرہ//فوج نے ایس آف سپیڈز ڈویژن اور وائٹ نائٹ کور کے زیراہتمام نوشہرہ میں یومِ نوشہرہ کی یادگاری تقریب کا انعقاد کیا۔ اس سلسلہ میں شاندار تقر یب کا اہتمام کیا گیا جس میں سینکڑوں مقامی افراد، سابق فوجیوں، ویر ناریوں اور اسکول کے بچوں نے شرکت کی۔ اس تقریب کا مقصد مادرِ وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے جانبازوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔تقریب میں فوجی اور سول انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداران نے شرکت کی اور ویر بھومی پر این کے جادوناتھ سنگھ، پی وی سی، اور دیگر شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا، جنہوں نے قوم کی خدمت میں اپنی جانیں قربان کیں۔ اس موقع پر شرکاء نے شہداء کی یاد میں پھول چڑھائے اور ان کی قربانیوں کو یاد کیا۔تقریب کے دوران سرحدی گاؤں جبار اور سائی بابا اسکول نوشہرہ کے طلباء نے ثقافتی پروگرام پیش کیا، جس میں مقامی ثقافت اور فن کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔ ان کی عمدہ کارکردگی پر ایس آف سپیڈز ڈویژن کے جی او سی نے بچوں اور اساتذہ کو خصوصی انعامات سے نوازا اور ان کے جوش و خروش کی بھرپور ستائش کی۔جی او سی نے نوشہرہ کے عوام اور سابق فوجیوں سے بھی خطاب کیا، اور بہادری کے اعزاز یافتگان اور نوشہرہ کے ویر ناریوں کو مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر نوشہرہ اور اس کے گرد و نواح کے سرحدی دیہات سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات کو ’شانِ نوشہرہ ایوارڈ‘ سے نوازا گیا، جو ان کی غیر معمولی خدمات اور قربانیوں کا اعتراف تھا۔اس شاندار تقریب میں سابق فوجیوں کونوازا گیا، جو طویل عرصے تک مادرِ وطن کی خدمت میں مصروف رہے۔ ویر ناریوں کو خصوصی خراجِ تحسین پیش کیا گیا، تاکہ شہداء کے خاندانوں کی بے پناہ قربانیوں کو تسلیم کیا جا سکے۔ اس تقریب کے ذریعے سابق فوجیوں کے مابین ملاقات اور تبادلہ خیال کا بھی موقع ملا، جس نے اتحاد، فخر اور قومی جذبے کو مزید مستحکم کیا۔جی او سی نے اپنے خطاب میں یقین دہانی کرائی کہ فوج ہمیشہ سابق فوجیوں، ان کے خاندانوں اور مقامی افراد کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ انہوں نے نوشہرہ کی جرات اور ثابت قدمی کی میراث کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔یومِ نوشہرہ کی تقریبات کے سلسلے میں بھارتی فوج نے مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا، جن میں بریگیڈیئر عثمان انٹر ڈسٹرکٹ کرکٹ ٹورنامنٹ، پہاڑی کمیونٹی تک رسائی مہم، ملٹی اسپیشلٹی میڈیکل کیمپ شامل تھے، جس میں 38 مصنوعی اعضاء اور 15 وہیل چیئرز تقسیم کی گئیں۔ اس کے علاوہ، اسکول کے طلبہ کے لئے کراس کنٹری رن اور دیگر تعلیمی اور پیشہ ورانہ کورسز کا بھی اہتمام کیا گیا۔