عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// سوپور میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ایک ٹرک ڈرائیور کو فوج نے گولیاں مار کر ہلاک کردیا۔متوفی کی شناخت وسیم احمد میر (35) ساکن گوری پورہ، بومئی سوپور کے طور پر کی گئی ہے۔
پولیس
پولیس نے کہا کہ اسے اطلاع ملی ہے کہ ایک راشٹریہ رائفلزپارٹی نے ممکنہ خطرات کو روکنے کے لیے ایک موبائل وہیکل چیک پوسٹ (MVCP) قائم کی ہے۔ترجمان نے مزید بتایا کہ ایک مشکوک سول ٹرک کو تیز رفتاری سے جاتے دیکھا گیا۔ بار بار وارننگ دینے کے باوجود گاڑی نہیں رکی اور چیک پوسٹ کے قریب سے آگے بڑھ گئی۔انہوں نے کہا کہ فوجیوں نے ٹرک کا 23 کلومیٹر سے زیادہ تک تعاقب کیا اور پروٹوکول کے مطابق ٹائروں کو خراب کرنے کے لیے ان پر فائرنگ کی، جس سے گاڑی کو سنگرامہ چوک پر رکنا پڑا۔انہوں نے کہا کہ تفصیلی تلاش کی گئی، اور زخمی ڈرائیور کو فوری طور پر جی ایم سی بارہمولہ منتقل کیا گیا، جہاں اسے مردہ قرار دیا گیا۔ایف آئی آر پولیس سٹیشن بارہمولہ میں درج کی گئی ہے۔ ٹرک کو مکمل تلاشی کے لیے قریبی تھانے منتقل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موت کی وجہ جاننے کے لیے پوسٹ مارٹم کی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ ہم عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ امن برقرار رکھیں اور اس واقعے کے حوالے سے افواہوں یا غلط معلومات پھیلانے سے گریز کریں۔ایک مکمل تحقیقات جاری ہے، اور تمام اپ ڈیٹس سرکاری چینلز کے ذریعے بتائی جائیں گی۔ بیان میں کہا گیا کہ امن عامہ میں خلل ڈالنے یا غلط معلومات پھیلانے کی کسی بھی کوشش سے سختی سے نمٹا جائے گا۔
فوج
اس واقعہ کے حوالے سے فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ملی ٹینسی کی نقل و حرکت کے بارے میں ایک خاص انٹیلی جنس ان پٹ کی بنیاد پر، ایک موبائل وہیکل چیک پوسٹ سیکورٹی فورسز نے قائم کی تھی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک تیز رفتار مشکوک سول ٹرک کو دیکھا گیا، چیلنج کرنے پر ٹرک بار بار وارننگ کے باوجود نہیں رکا بلکہ چیک پوسٹ کو عبور کرتے ہوئے مزید تیز ہو گیا۔بیان کے مطابق چوکس فوجیوں نے 23 کلومیٹر سے زیادہ تک گاڑی کا تعاقب کیا، ٹائروں پر گولیاں چلائی گئیں جس سے گاڑی کو سنگرامہ چوک پر رکنا پڑا۔ تفصیلی تلاش کے نتیجے میں، زخمی ڈرائیور کو سیکورٹی فورسز نے فوری طور پر جی ایم سی بارہمولہ منتقل کیا، جہاں اسے مردہ قرار دیا گیا۔مکمل لدے ٹرک کو قریبی پولیس اسٹیشن بھیج دیا گیا ہے۔ پولیس کی تحویل میں ٹرک کی تفصیلی تلاش اور مشتبہ شخص کے بارے میں تفتیش جاری ہے۔