فیاض بخاری
بارہمولہ// شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں جمعرات کو سیکورٹی فورسز کی چوکی (ناکہ) کو مبینہ طور پر نظر انداز کرنے کے بعد سوپور کا ایک نوجوان فائرنگ کے واقعے میں مارا گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب سیب کے ڈبوں سے لدی ایک گاڑی کو سیکورٹی فورسز کے قائم کردہ ناکے پر رکنے کا اشارہ کیا گیا۔ تاہم گاڑی حکم کی تعمیل کرنے میں ناکام رہی جس کے بعد سیکیورٹی فورسز نے فائرنگ کردی۔ گاڑی میں سوار نوجوان اس واقعے میں شدید زخمی ہوگیا اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ پولیس نے تصدیق کی ہے کہ متوفی کا پوسٹ مارٹم جاری ہے اور اس کے پس منظر اور ممکنہ محرکات جاننے کے لیے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ادھر فوج نے اپنا ایک بیان جاری کیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ انہیں ملی ٹینٹوں کی نقل و حرکت کے بارے میں ایک مخصوص انٹیلی جنس ان پٹ کی بنیاد پر، سیکورٹی فورسز کے ذریعہ ایک موبائل وہیکل چیک پوسٹ (MVCP) قائم کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ایک تیز رفتار مشکوک سول ٹرک کو دیکھا گیا۔ جب چیلنج کیا گیا تو ٹرک بار بار وارننگ کے باوجود نہیں رکا بلکہ چیک پوسٹ کو عبور کرتے ہوئے مزید تیز ہو گیا۔ چوکس فوجیوں نے 23 کلومیٹر سے زیادہ تک گاڑی کا تعاقب کیا۔ ٹائروں پر گولیاں چلائی گئیں جس سے گاڑی کو سنگرمہ چوک پر رکنا پڑا۔ تفصیلی تلاش کے نتیجے میں، زخمی ڈرائیور کو سیکورٹی فورسز نے فوری طور پر جی ایم سی بارہمولہ منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔مکمل لدے ٹرک کو قریبی پولیس اسٹیشن بھیج دیا گیا ہے۔ پولیس کی تحویل میں ٹرک کی تفصیلی تلاش جاری ہے اور مشتبہ شخص کے بارے میں تفتیش جاری ہے۔