اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کے بالائی علاقوں میں منگل و بدھ کی درمیانی شب کو تازہ برفباری اور میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہا جس کے نتیجے میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے تاہم کسانوں، زمینداروں، باغبانی و زرعی شعبے سے وابستہ افراد نے آنے والے دنوں کے لئے نفع بخش قرار دیا ہے۔اطلاعات کے مطابق منگل کو بعد دوپہر ڈوڈہ ضلع کے بالائی علاقوں میں برفباری و میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جو بدھ کی درمیانی شب تک جاری رہا۔اس دوران گندوہ بھلیسہ ،کاہرہ ،ٹھاٹھری ،بھدرواہ و ضلع کے دیگر مضافات میں پانی و بجلی نظام متاثر ہوا اور رابطہ سڑکوں پر بھاری پھسلن پیدا ہوئی تاہم ٹریفک کی آمد ورفت معمول کے مطابق بحال رہی۔بدھ کو دوپہر تک مطلع صاف رہنے کے بعد ضلع کے بالائی علاقوں میں دوبارہ برفباری و بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جو دیر رات تک جاری رہا۔اس دوران انتظامیہ نے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے لوگوں سے خراب موسم میں سفر کرنے سے احتیاط برتنے اور کسی بھی ایمرجنسی کے لئے کنٹرول روم کے ساتھ رابطہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔