اشتیاق ملک+عاصف بٹ +محمد تسکین
ڈوڈہ+کشتواڑ+رام بن // خطہ چناب کے بالائی علاقوں میں منگل کی شام تازہ برفباری و میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جو دیر رات جاری رہا۔ برفباری و بارشوں کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے اور رابطہ سڑکیں زیر آب آئیں۔اطلاعات کے مطابق منگل کے روز ڈوڈہ ضلع میں پہلے دھوپ اور مطلع ابر آلود رہا تاہم سہ پہر کو ضلع کے پہاڑی علاقوں میں تازہ برفباری و میدانی علاقوں شدید بارش شروع ہوئی جو دیر شام تک جاری رہی۔پہاڑوں پر تازہ برفباری و میدانی علاقوں میں بارشوں کے نتیجے میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے اور رابطہ سڑکیں زیر آب آئیں ہیں جبکہ بیشتر علاقوں میں پانی و بجلی نظام بھی متاثر ہوا ہے۔ادھر انتظامیہ نے لوگوں سے خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر کرنے سے احتیاط برتنے و کسی بھی ایمرجنسی کے دوران کنٹرول روم و ہیلپ لائن نمبرات پر رابطہ کرنے کا مشورہ دیا ۔ادھر منگل کی بعد دوپہر سے کشتواڑ ضلع کے بالائی علاقوں میں برفباری و میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ بالائی علاقوںمیں دوپہر کے بعدہی برفباری کا سلسلہ شروع ہوا جو دیررات تک جاری تھا۔مڑواہ، دچھن ،واڑون، کیشوان، پاڈر، مچیل، چھاترو، چنگام ،سنتھن آلوفارم کے علاقہ جات میں کئی انچ تازہ برف باری کی اطلاع ہے ۔میدانی علاقوں میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے ۔ بارشوں کے سبب جہاں کسانوں کے چہروں پر رونق لوٹ آئی وہیں عوام نے بھی راحت کی سانس لی ۔آخری اطلاع ملنے تک بارشوں و برفباری کا سلسلہ بدستور جاری تھا۔اس دوران بانہال اور رام بن کے سیکٹر میں منگل کی دوپہر بعد سے ہلکی ہلکی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا ہے جبکہ ضلع رام بن کے پہاڑوں اور پہاڑی علاقوں میں ہلکی ہلکی برفباری ہو رہی ہے ۔منگل کی شام تک رام بن اور بانہال کے تمام علاقوں میں ہلکی بارشوں کا سلسلہ جاری تھا جبکہ پہاڑوں پر برفباری ہورہی تھی۔ اس دوران جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی دو طرفہ آمدورفت بنا کسی خلل کے جاری ہے اور منگل شام تک یہ سلسلہ جاری تھا ۔