طلبا اور اساتذہ شدید مشکلات کا شکار، محکمہ تعلیم سے فوری کارروائی کا مطالبہ
حسین محتشم
پونچھ // ضلع پونچھ کے حلقہ انتخاب سرنکوٹ کے شیندرہ لوہر کے جبراں علاقے میں قائم گورنمنٹ پرائمری اسکول کی عمارت خستہ حالی کا شکار ہو چکی ہے، جس کے باعث طلبہ اور اساتذہ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ کئی بار متعلقہ محکمہ سے اسکول کی تعمیر نو اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے اپیل کر چکے ہیں، لیکن تاحال ان کے مطالبات پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔مقامی سماجی کارکن اور سابق سرپنچ سید وجاہت بخاری نے بتایا کہ اسکول کی عمارت نہایت بوسیدہ ہو چکی ہے، اور کسی بھی وقت کوئی بڑا حادثہ پیش آسکتا ہے۔ والدین اپنے بچوں کو اسکول بھیجنے سے خوفزدہ ہیں کیونکہ دیواروں اور چھت کی حالت انتہائی خراب ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکول میں مناسب فرنیچر، پنکھے، اور دیگر بنیادی تعلیمی سہولیات کا بھی فقدان ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اسکول کے گرد و نواح میں حفاظتی فینسنگ بھی موجود نہیں، جس کی وجہ سے طلبہ کو ہر وقت خطرات لاحق رہتے ہیں۔ اس کے علاوہ، اسکول میں کھیل کیلئے کسی بھی قسم کی جگہ دستیاب نہیں، جس سے طلبہ کی جسمانی نشوونما پر بھی منفی اثر پڑ رہا ہے۔ بچوں کو کھیل کود کے لئے مناسب جگہ میسر نہ ہونے کی وجہ سے ان کی تعلیم کے ساتھ ساتھ جسمانی صحت بھی متاثر ہو رہی ہے۔سابق سرپنچ نے مزید بتایا کہ اسکول میں مڈ ڈے میل کے لئے کوئی مناسب رسوئی شیڈ موجود نہیں ہے، جس کی وجہ سے کھانے کی تیاری میں بھی مشکلات پیش آتی ہیں۔ طلباء کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے بجائے، انہیں بنیادی ضروریات کے بغیر تعلیم حاصل کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ اسکول میں بنیادی سہولیات کی کمی کی وجہ سے اکثر طلبہ کو کھلے آسمان تلے بیٹھ کر تعلیم حاصل کرنی پڑتی ہے۔ شدید گرمی، بارش یا سردی کے موسم میں طلبہ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اور کئی بار خراب موسم کے باعث اسکول کو قبل از وقت بند کرنا پڑتا ہے۔مقامی لوگوں نے محکمہ تعلیم اور ضلعی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے پر فوری توجہ دیں اور اسکول کی عمارت کی تعمیر نو کو جلد از جلد مکمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ نئے تعینات چیف ایجوکیشن آفیسر پونچھ کو چاہیے کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لیں اور اسکول میں تمام بنیادی سہولیات فراہم کریں، تاکہ طلبہ کا تعلیمی مستقبل محفوظ بنایا جا سکے۔اہلِ علاقہ نے جموں و کشمیر حکومت اور تعلیمی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس اسکول کی تعمیر نو کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کریں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر جلد از جلد ضروری اقدامات نہ کئے گئے تو وہ محکمہ تعلیم کے خلاف احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔