عظمیٰ نیوزسروس
نئی دہلی // مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کل یعنی منگل کو جموںوکشمیر میں سیکورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیں گے جو ماضی قریب میں ملی ٹینسی کے چند واقعات کا مشاہدہ کر چکاہے۔ذرائع نے بتایاکہ توقع ہے کہ شاہ ملی ٹینسی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اور ملی ٹینٹوںکے خلاف جاری کارروائیوں پر بات چیت کریں گے۔ذرائع نے بتایا کہ جائزہ اجلاس جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع میں ایک ملی ٹینٹ حملے کے ایک دن بعد منعقد کیا جائے گا، جس میں پیر کو سابق فوجی منظور احمد وگے ہلاک اور ان کی اہلیہ اور بھانجی زخمی ہو گئے۔جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، جموں و کشمیر پولیس، فوج، سنٹرل ریزرو پولیس فورس اور وزارت داخلہ کے سینئر افسران کی میٹنگ میں شرکت کا امکان ہے۔ 19 دسمبر 2024کو آخری جائزہ میٹنگ کے دوران، شاہ نے تمام سیکورٹی ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ جموں و کشمیر میں ملی ٹینسی کو ختم کرنے کے لیے مربوط انداز میں کام جاری رکھیں۔حکومت نے کہا ہے کہ ملی ٹینسی کے واقعات، دراندازی اور ملی ٹینٹ تنظیموں میں نوجوانوں کی بھرتی میں نمایاں کمی آئی ہے۔سیکورٹی فورسز نے گزشتہ ہفتے جموں و کشمیر میں ایک بڑے آپریشن کا آغاز کیا، زیادہ تر لائن آف کنٹرول کے ساتھ جنگلاتی علاقوں میںملی ٹینٹوں کو تلاش کرنے اور انہیں ختم کرنے کے لیے جنہوں نے گزشتہ سال مختلف اضلاع میں متعدد حملے کیے تھے۔