عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں//جموں و کشمیر کے وزیر اعلی عمر عبداللہ نے انڈیا الائنس کو اپنی مستقبل کی حکمت عملی کو واضح کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا کہ اندرونی اختلافات اس کے بڑے مقصد کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ انڈیا الائنس کو بیٹھ کر آگے بڑھنے کی ہماری حکمت عملی پر تبادلہ خیال کرنا پڑے گا۔
اگر ہم اس طرح بکھر گئے تو یہ ملک کے لیے اچھا نہیں ہوگا۔اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اتحاد بی جے پی کو روکنے کے لئے اکٹھا ہوا ہے، اگرچہ ہم پوری طرح سے کامیاب نہیں ہوئے ہیںلیکن پارلیمنٹ میں اپوزیشن کو نمایاں طور پر مضبوطی حاصل ہوئی ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دہلی انتخابات ختم ہونے کے بعد کھلی بحث کے لیے اجلاس بلایا جائے۔دہلی میں عام آدمی پارٹی کی فتح کے امکانات پر عبداللہ نے کوئی پیشین گوئی کرنے سے گریز کیا۔انھوں نے کہا کہ ”مجھے جموں و کشمیر سے وقت نہیں ملتا، دہلی میں کیا ہو رہا ہے میں نہیں جانتا ،کون جیتے گا یا ہارے گایہ تو پرسوں معلوم ہو جائے گا“۔
مرکزی بجٹ میں ٹیکس ریلیف اقدامات پر تبصرہ کرتے ہوئے، عبداللہ نے اس اقدام کا خیرمقدم کیا لیکن عملدرآمد کی اہمیت پر زور دیا۔انھوں نے کہا انکم ٹیکس ریلیف ایک اچھی خبر ہے لیکن یہ سب عمل پر منحصر ہے۔
انڈیا الائنس کو مل بیٹھ کر مستقبل کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کرنا ہوگا: عمر عبداللہ
